بنٹوال، 18؍نومبر(ایس او نیوز) منگلورو ڈی سی آئی بی ٹیم نے گزشتہ مہینے فرنگی پیٹ کے علاقے میں ایک گینگ وار کے دوران ہوئے ڈبل مرڈر کے مزید 4ملزمین کو گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس کے بیان کے مطابق 26اکتوبر کو فرنگی پیٹ میں کوالیس کار اور ٹیمپو میں آنے والے ایک گروہ نے دوسرے گروہ کاپیچھا کرکے ان پر تلواروں سے جان لیو ا حملہ کیا تھاجس میں ضیاء اور فیاض نامی دو افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ انیس ، فیصل او رمشتاق کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔اس دوہرے قتل کے سلسلے میں پولیس نے اس سے قبل 7ملزمین کو گرفتار کیا تھا۔ اب مزید 4ملزمین کی گرفتار ی عمل میں آئی ہے۔ جن کی شناخت نوفل عرف ٹوپی نوفل (25 سال) ،محمد آصف عرف آچی عرف موسیٰ آچی (27سال)، محمد حسین عرف منا (26سال) اور ابراہیم عرف ڈوڈّا پوٹّا (29سال) کے طور پر کی گئی ہے۔یہ چاروں قتل کے بعد مفرور تھے جنہیں اڈپی میں ایک کارروائی کے دوران ڈی سی آئی بی انسپکٹر امان اللہ اور دیگر افسران پر مشتمل ٹیم نے گرفتار کیا اور بنٹوال پولیس کے حوالے کیا ہے۔ اس طرح فرنگی پیٹ دوہرے قتل کیس میں گرفتار ملزمین کی تعداد 11ہوگئی ہے۔