بنگلورو۔5؍دسمبر(ایس او نیوز) برہت بنگلور مہانگر پالیکے سے قریب ہی واقع داسپا اسپتال کا آج شہر کی میئر جی پدماوتی نے اچانک دورہ کیااور اسپتال میں کام پر غیر حاضر ڈاکٹروں اور نرسوں کی تنخواہوں میں کٹوتی کی ہدایت جاری کرنے کے ساتھ اسپتال کی زبوں حالی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایریا ہیلتھ آفیسر کو وجہ بتاؤنوٹس جاری کرنے کی ہدایت جاری کی۔ آج دوپہر میئر نے اچانک داسپا اسپتال کا معائنہ کیا، اور یہاں کے حاضری رجسٹر کا جائزہ لیا تو پتہ چلا کہ بیشتر ڈاکٹرس اور نرس اپنی ڈیوٹی پر حاضر نہیں تھے۔ میئر نے رجسٹر میں ان تمام کے ناموں کے آگے غیر حاضر ی کا نشان لگایا اور ہدایت دی کہ ان تمام کی تنخواہوں میں کٹوتی کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ یہ اسپتال 24گھنٹے کام کرنے کیلئے بنا ہے لیکن شام کے بعد یہ بند ہوجاتا ہے۔ اس سلسلے میں شکایات کے بعد انہوں نے خود یہاں کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ میئر نے اس بات پر برہمی ظاہر کی کہ بی بی ایم پی کی منظوری کے بغیر اسپتال میں رات کی شفٹ بند کردی گئی ہے۔ یہاں پر علاج کیلئے آنے والی حاملہ خواتین کو کافی زیادہ پریشانی لاحق رہتی ہے۔ حکومت اور بی بی ایم پی کی طرف سے محکمۂ صحت کے ذریعہ اسپتال میں کئی فلاحی اسکیمیں لاگو ہیں، لیکن اسپتال میں ڈاکٹروں کی غیر حاضری کے نتیجہ میں اس میں سے کوئی اسکیم موثر طور پر لاگو نہیں کی جارہی ہے۔ میئر نے ہدایت دی کہ بی بی ایم پی کی فلاحی اسکیموں کے متعلق تشہیری مواد اسپتال کی طرف سے چھپواکر تقسیم کیا جائے۔میئر نے بعد میں اسپتال کے احاطہ میں موجود بی بی ایم پی ہیلتھ آفس کا بھی معائنہ کیا۔ یہاں پاکی صفائی کی بدنظمی پر میئر نے ہیلتھ آفیسر کو آڑے ہاتھوں لیا۔ میئر نے یہاں دواؤں کے گودام کا بھی جائزہ لیا اور تمام اسپتالوں کو دواؤں کی مناسب سپلائی برقرار رکھنے کی ہدایت دی۔