ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / طلاق ثلاثہ کے حوالے سے شریعت میں مداخلت ناقابل برداشت 

طلاق ثلاثہ کے حوالے سے شریعت میں مداخلت ناقابل برداشت 

Wed, 26 Oct 2016 19:14:32  SO Admin   S.O. News Service

ریاستی وزیر الحاج روشن بیگ کی پریس کانفرنس
گلبرگہ ، 26؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )وزیر شہری ترقیات وحج آر روشن بیگ نے کہا ہے کہ سالگذشتہ کی طرح اس سال بھی ٹیپو سلطان جینتی شان و شوکت اور جوش و خروش کے ساتھ منائی جائیگی۔ آج دوپہر ایوان شاہی گیسٹ ہاؤز میں اُردو میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی جانب سے ٹیپو سلطان کی جینتی تقاریب منائے جانے کی مخالفت ایک سیاسی ہتھکنڈہ ہے ۔ریاستی حکومت ملک کے عظیم سپوت بے مثال محب وطن حضرت ٹیپو سلطان شہید کی جینتی منانے کا فیصلہ کر کے ہندوستان کی جنگ آزادی کے پہلے شہید کو خراج عقیدت پیش کررہی ہے ۔ بی جے پی ایسے ہر اچھے کام کی مخالفت کر کے سیاسی شہرت حاصل کرنا چاہتی ہے ۔ روشن بیگ نے کہا کہ کرناٹک میں جس طرح امبیڈکر بسویشور اور والمیکی کی جینتی منائی جاتی ہے اسی طرح عظیم شہید وطن ٹیپو سلطان کی جینتی بھی منائی جاتی ہے ۔ دیگر شخصیات کی جینتی کی طرح ٹیپو جینتی پر کوئی تعطیل بھی نہیں دی جاتی ہے روشن بیگ نے کہا کہ بی جے پی اور سنگھ پریوار ہر مسلم شخصیت کو فرقہ پرست قرار دینے میں ماہر ہے ۔ ٹیپو سلطان پر فرقہ پرستی کا الزام لگانے والوں کو کیا میسور کے ننجنڈیشور مندر اور سرنگیری مندر سمیت ریاست کے متعدد مندروں کو ٹیپو سلطان کی جانب سے انعامی اراضی اور مراعات دینے کا علم نہیں ہے ، سرنگیری کے مندر میں پجاری آج بھی ٹیپو سلطان کی یاد میں سلطان آرتی اُتارتے ہیں ۔ ٹیپو سلطان سچے محب وطن تھے وطن پر انہوں نے اپنی جان قربان کردی ۔ ان کے سیکولر ہونے کے لئے بی جے پی کی سند کی ضرورت نہیں ۔ بی جے پی ایسے بیانات کے ذریعے ہندو مسلمانوں میں نفاق پیدا کرنا چاہتی ہے ۔ ٹیپو کی ہندو مندروں کی امداد اور سوامیوں کی قدر دانی سے بی جے پی اچھی طرح واقف ہے ۔ لیکن وہ فرقہ واریت پھیلانے کے لئے ایسے بیانات دیتی ہے ۔ روشن بیگ نے بتایا کہ وزیر کنڑا اینڈ کلچر اوماشری مملکتی وزیر تعلیم تنویر سیٹھ اور انہوں نے وزیر اعلیٰ سدرامیا کی ہدایت پر ٹیپو سلطان جینتی کی سرکاری تقریب کے سارے انتظامات مکمل کر لئے ہیں ۔ا نہوں نے طلاق ثلاثہ پر پابندی کے ذریعہ وزیر اعظم مودی کی جانب سے مسلم پرسنل لاء میں ترمیم اور یکساں سول کوڈ لانے کی مبینہ کوششوں کی پرزور مذمت کی اور کہا کہ مسلمان شریعت محمدیؑ میں کس مداخلت کو بردراشت نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سنگھ پریوار کے ایجنڈے کو نافذکرہ والے نریندر مودی کو یہ سوچنا ہوگا کہ وہ بی جے پی کے وزیر اعظم نہیں ہیں سارے ملک کے وزیر اعظم ہیں۔ انہوں نے مسلم بہنوں کے لئے وزیر اعظم کے دل میں پیدا ہونے والی اچانک ہمدردی کو ڈھونگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اس مظلوم عورت کی پہلے فکر کرنی چاہئے ، جو ان کی بیوی ہے۔ اس کے ساتھ انہوں نے کیا کیا؟ملک میں اقلیتوں کو مظالم کا نشانہ بنانے کے واقعات خصوصاً دادری اور یوپی میں فٹ پاتھ پر بریانی فروخت کرنے والوں پر بیف کے گوشت کا جھوٹا الزام لگا کر حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان واقعات کے پیش نظر صرف مسلمانوں ہی کو نہیں ملک کے سارے سیکولر عوام اور سیکولر سیاسی پارٹیوں کو چوکس رہنا چاہئے ۔ اور ملک کے قومی اتحاداور یک جہتی کی حفاظت کے لئے آگے آنا چاہئے ۔ بی جے پی صدر یڈی یورپا کے اس دعوے پر کہ11کانگریسی ارکان اسمبلی بی جے پی میں شامل ہونے والے ہیں ۔ روشن بیگ نے کہا کہ سیاسی دلبدلی عام ہے ۔ مگر یڈی یورپا بعض اوقات جھوٹے دعوے کرتے ہیں ،وقت آنے پر معلوم ہوجائیگا کہ وہ کتنا سچ کہہ رہے ہیں ۔ سینئر صحیفہ نگاران جناب حکیم شاکر، جناب حامد اکمل ایڈیٹر ایقان ایکسپریس کے علاوہ الکٹرانک میڈیا کے جوّاد میر اور مشہود عالم سمیت دیگر نمائندوں کے علاوہ مئیر گلبرگہ سید احمد بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ 


Share: