بھٹکل ، 8/ اکتوبر (ایس او نیوز) بھٹکل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہوناور بلاک کانگریس کے صدر گووندا نائک ضلع اتر کنڑا میں ریت نکالنے پر پابندی کی وجہ سے جو دقت کھڑی ہوئی ہے ، اس کے لئے بی جے پی والے ذمہ دار ہیں ۔
گووندا نائک نے کہا کہ ریاست حکومت اور ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا کو بدنام کرنے اور ان کے خلاف عوام کو اکسانے کی نیت سے شراوتی ندی میں ریت نکالنے کے خلاف چینئی میں موجود گرین ٹریبیونل کورٹ میں مقدمہ داخل کیا ہے ۔ اسی وجہ سے یہاں پر ریت سے متعلقہ مسائل کھڑے ہوئے ہیں اور بی جے پی کی وجہ سے ضلع کے عوام کو مشکلات سے گزرنا پڑ رہا ہے ۔
ضلع میں اس وقت ریت دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے مکانات اور دیگر عمارتوں کی تعمیر کے علاوہ سرکاری ترقیاتی کام بھی رکے ہوئے ہیں ۔ ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا نے ضلع کے عوام کو راحت پہنچانے کے مقصد سے وزیر اعلیٰ سدا رامیا سے بات چیت کرتے ہوئے شراوتی ندی سے ریت نکالنے اور اس کی سپلائی کے لئے اجازت نامے دلوانے کا کام کیا تھا ۔ لیکن کمٹہ سے بی جے پی کے رکن اسمبلی دینکر شیٹی نے اسمبلی سیشن کے دوران اس پر سوال اٹھاتے ہوئے ریت نکالنے کے اجازت ناموں کے تعلق سے تفتیش کرنے کا مطالبہ کیا تھا ۔ اب بی جے پی کسان مورچہ سمیت بی جے پی کے گیارہ افراد نے ریت نکالنے کے خلاف گرین ٹریبیونل کورٹ میں مقدمہ دائر کیا ۔ عدالت میں اس معاملے کی اگلی سماعت 4 نومبر تک کے لئے ملتوی کی گئی ہے اور 'جوں کی توں حالت برقرار' رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مضحکہ خیز بات یہ ہے کہ ریت نکالنے کی اجازت پر پابندی لگانے کا مقدمہ دائر کرنے والے کسان مورچہ لیڈر کی طرف سے ہی ریت نکالنے کی اجازت کے لئے ہر سال ضلع انتظامیہ کے پاس درخواست داخل کی جا رہی ہے ۔
پریس کانفرنس کے موقع پر بھٹکل بلاک کانگریس صدر وینکٹیش نائک، جنرل سیکریٹری سریش نائک، وشنو دیواڈیگا، نارائن نائک وغیرہ موجود تھے ۔