ممبئی ،20؍دسمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )شیوسینا نے گجرات اسمبلی انتخابات کے نتائج کو لے کر بی جے پی کے خلاف اپنا حملہ جاری رکھا اور ووٹنگ میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں (ای وی ایم) سے چھیڑ چھاڑ ہونے کی طرف اشارہ کیا۔غور طلب ہے کہ گجرات انتخابات میں بی جے پی نے 99 سیٹیں حاصل کرکے اقتدار کو حاصل کیاہے۔پچھلی بار اس نے 115 سیٹیں حاصل کی تھی۔وہیں کانگریس کی سیٹوں کی تعداد 2012 کے 61 سیٹوں سے بڑھ کر اس وقت 77 ہو گئی۔شیوسینا نے کہاکہ اگر ہاردک پٹیل نے جو کچھ کہا وہ صحیح ہے تو بی جے پی کو گجرات میں ملی جیت کے لیے مودی کے علاوہ ای وی ایم کو بھی مالا پہنانا چاہئے۔گجرات میں بی جے پی کے 100 کا ہندسہ پار کرنے میں ناکام رہنے کے باوجود کچھ لوگ ممبئی میں فتح کا جشن منا رہے ہیں۔ہم کہہ سکتے ہیں کہ انہوں نے اس جیت کا صحیح مطلب نہیں سمجھا۔پارٹی نے کہا کہ گجرات الیکشن سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکمران پارٹی الیکشن جیتنے کے لئے کسی بھی سطح پر جا سکتی ہے۔شیوسینا نے دعوی کیاکہ مودی نے کہا تھا کہ بی جے پی 151 سیٹیں جیتے گی جبکہ بی جے پی سربراہ امت شاہ نے کہا تھا کہ 150 سے زائد سیٹیں جیتنا ان کی حقیقی فتح ہوگی۔تاہم گجرات کے لوگوں نے انہیں 100 سیٹیں بھی نہیں دیں۔پارٹی نے دعوی کیا کہ شہری طبقے کا رجحان بی جے پی کی طرف تھا لیکن حقیقی ہندوستان گاؤں میں بستا ہے، جہاں کسانوں اور کارکنوں کے مسائل ہوتے ہیں۔غور طلب ہے کہ شیوسینا نے بھی بی جے پی پر حملہ بولتے ہوئے دعوی کیا تھا کہ گجرات ماڈل متاثر ہوگیا ہے اور ریاست کے انتخابی نتائج ان لوگوں کے لئے انتباہ ہے جو تاناشاہی حکومت میں یقین رکھتے ہیں۔