ریاض،19مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے الریاض کے امریکا کے ساتھ تاریخی تعلقات کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورے کے موقع پر سیاسی اور کاروباری شعبوں میں نئے معاہدوں پر دست خط ہوں گے۔امریکی صدر 23 مئی کو اپنے پہلے غیرملکی دورے پر سعودی عرب پہنچیں گے۔ عادل الجبیر نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا ہے کہ اس دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی شراکت داری کو مزید تقویت ملے گی۔انھوں نے بتایا کہ صدر ٹرمپ کے قیام کے دوران میں عرب ، امریکی، اسلامی سربراہ اجلاس ہوگا اور اس میں 37 ممالک کے سربراہان شرکت کریں گے۔اس اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف جنگ ،تجارت ،سرمایہ کاری ،نوجوانوں اور ٹیکنالوجی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔سعودی وزیر خارجہ نے صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ملک کے صرف سابق صدر اوباما کی انتظامیہ کے دور میں امریکا کے ساتھ اختلافات پیدا ہوئے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے اتحادی ممالک اور خاص طور پر امریکا کے ساتھ مل کر کام کریں گے اور یہ چاہیں گے کہ ایران ایک عام ملک کی طرح کردار ادا کرے۔