نئی دہلی،4؍اگست(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)بی جے پی-جے ڈی یو اتحاد بننے سے ناراض شرد یادو نے کوئی نئی پارٹی بنانے سے انکار کیا ہے۔اپنے ایک قریبی رہنما کے بیان کو انہوں نے جذبات میں بہہ کر دیا بیان قرار دیا،ساتھ ہی شرد یادو نے یہ بھی کہا کہ ابھی پٹنہ جانے کا ان کا کوئی پروگرام نہیں بنا ہے۔آر جے ڈی کے صدر لالو پرساد یادو نے جمعرات کو کہا تھا کہ شرد یادو 8اگست کو پٹنہ آ رہے ہیں۔لالو نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ اور شرد یادو 2019کا الیکشن مل کر لڑیں گے۔لالو کے اس بیان سے یہ قیاس آرائی کی جا رہی ہے کہ شرد یادو اگر الگ پارٹی نہ بھی بنائیں تو لالو کے ساتھ جا سکتے ہیں۔بتا دیں کہ نتیش کمار کے مہاگٹھ بندھن سوائے بی جے پی کے ساتھ بہار میں حکومت بنانے کے بعد سے شرد یادو مسلسل ناراض چل رہے ہیں۔ان کے قریبی لوگوں نے واضح کہا کہ وہ پارٹی کے اس فیصلے سے خوش نہیں ہے۔ادھر یہ بھی غور کرنے کی بات ہے کہ شرد یادو نے ابھی تک نتیش کمار پر کوئی براہ راست حملہ نہیں کیا ہے لیکن وہ مسلسل مرکز کی نریندر مودی حکومت پر حملہ کرتے آ رہے ہیں۔ ویسے شرد یادو نے یکساں خیالات والی پارٹیوں کی ایک میٹنگ 17اگست کو بلائی ہے۔وہیں جے ڈی یو کی مجلس عاملہ کی میٹنگ 19اگست کو بلائی گئی ہے۔یہ مانا جا رہا ہے کہ پارٹی کی اہم میٹنگ سے پہلے اس طرح کی میٹنگ کا اعلان کہیں ان کے اگلے سیاسی ارادوں کی طرف اشارہ تو نہیں ہے۔شرد یادو بہت سے اسٹیج سے کئی بار بی جے پی کو فرقہ پرست پارٹی قرار دے چکے ہیں اور نتیش کمار کے بی جے پی کے ساتھ جانے کے فیصلے سے وہ ناراض بتائے جا رہے ہیں۔