ریاض،8مئی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے فرانس کے صدارتی انتخاب میں عمانوایل ماکروں کی کامیابی پر انہیں مبارک باد کا پیغام بھیجا ہے۔نو منتخب فرانسیسی صدر کے نام اپنے برقیئے میں شاہ سلمان نے عمانوایل ماکروں کی کامیابی پر فرانسیسی عوام اور ان کے نئے صدر کو صحت، مسرت اور مزید ترقی کا پیغام بھیجا ہے۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ولی عہد، ڈپٹی وزیر اعظم اور وزیر داخلہ شہزادہ محمد بن نایف بن عبدالعزیز آل سعود اور نائب ولی عہد، معاون ڈپٹی وزیر اعظم اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان عبدالعزیز نے بھی نو منتخب فرانسیسی صدر کو انتخاب جیتنے پر علاحدہ علاحدہ تہنیتی پیغامات بھیجے ہیں۔
واضح رہے کہ فرانسیسی انتخابات پر دنیا بھر کی نظریں تو تھیں لیکن الیکشن کے نتائج کا سب سے زیادہ انتظار یورپی رہنماؤں کو دکھائی دیا۔فرانسیسی الیکشن سے قبل یورپی یونین اور مہاجرت مخالف خاتون صدارتی امیدوار مارین لے پین کی تعریف کرنے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ماکروں کو مبارکبادی پیغام ارسال کیا ہے۔ اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں ٹرمپ نے لکھا کہ ماکروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔جرمن چانسلراینجلا مرکل کے چیف آف اسٹاف نے ایک ٹویٹ کے ذریعے ماکروں کو مبارک باد دی اور ساتھ ہی لکھا، ’’فرانس زندہ باد، فرانس زندہ باد‘‘۔ یورپی کمیشن کے صدر ڑاں کلود یْنکر کا کہنا تھا کہ انتخابات کے نتائج ان کے لیے مسرت کا باعث بے ہیں۔ ان کا کہنا تھا، ’’میں خوش ہوں کہ آپ نے مضبوط اور مستحکم یورپ اور یہاں کے رہائشیوں کے تحفظ کے لیے کام کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔‘‘