نئی دہلی19اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)چیف الیکشن کمشنر(سی ای سی)نسیم زیدی نے آج کہا کہ سیکورٹی فورسز اور ریاستوں کی مشینری کی جانب سے مہیا کرائی جانے والی اطلاعات کی بنیاد پر الیکشن کمیشن اتر پردیش، پنجاب، گوا، منی پور اور اتراکھنڈ میں اگلے سال ہونے والے اسمبلی انتخابات کی تاریخیں طے کرے گا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ موسم اور امتحان کے پروگراموں کو ذہن میں رکھ کر انتخابات کی تاریخیں طے کی جائیں گی۔ایک پروگرام کے الگ صحافیوں سے بات چیت میں زیدی نے کہاکہ ہم سیکورٹی فورسز کی ضروریات، موسم اورامتحان کے پروگرام کا اندازہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ان تمام اطلاعات پر غور کیا جا رہا ہے۔تبھی ہم کہہ پائیں گے کہ یہ ایک مرحلے میں ہوں گے یا کئی مراحل میں ہوں گے ۔اس بابت پوچھے گئے ایک اور سوال پر انہوں نے کہاکہ جہاں تک انتخابات کے پروگرام کی بات ہے، کمیشن نے اب تک اس پر غور نہیں کیاہے۔اتر پردیش اسمبلی کی مدت اگلے سال مئی میں مکمل ہو رہی ہے جبکہ پنجاب، گوا، منی پور اور اتراکھنڈ کی اسمبلیوں کی مدت مارچ 2017میں مکمل ہوگی۔