نئی دہلی، 27 جنوری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) دہلی میں ہو رہی سیلنگ کو لے کر تاجروں نے آج ایک میٹنگ کی۔دہلی کے تمام تاجر یونین اس اجلاس میں شامل ہوئے۔ اس اجلاس کے بعد تاجروں نے 2اور 3 فروری کو دہلی بند کا اعلان کیا۔دہلی میں 5000 مقامات پر سیلنگ مخالف مظاہرہ کیا جائے گا۔اس سلسلے میں تاجر سیلنگ کی نگرانی کمیٹی سے بھی ملیں گے۔سیلنگ بند نہ ہونے پر عوامی نمائندوں کے گھروں کا بھی احاطہ کیا جائے گا۔اس سے پہلے تاجروں نے غیر معینہ دہلی بند کی وارننگ دی تھی۔چیمبر آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (سی ٹی آئی) کے کنوینر برجیش گوئل اور ہیمنت گپتا نے بتایا تھا کہ سیلنگ کے معاملے پر تاجروں کی ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا تھا، جس میں قرارداد منظور کی گئی کہ اگر 31 جنوری تک سیلنگ پر پابندی نہیں لگائی گئی تو 31جنوری کو تاجروں کی ایک بڑی میٹنگ بلا کر غیر معینہ دہلی بند کا اعلان کیا جائے گا۔سی ٹی آئی نے کہا کہ وہ اپیل رکوانے کو لے کر ایم سی ڈی ، دہلی حکومت، نگرانی کمیٹی سب سے مل چکے ہیں لیکن اس مسئلہ کا حل صرف مرکزی حکومت کے پاس ہے۔لہٰذا ہم مرکزی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر ایک آرڈیننس یا قانون لاکر سیلنگ کو روکا جائے اور ماسٹر پلان کے ایکٹ میں بھی تبدیلی کی جائے۔