جیسلمیر، 26؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )جیسلمیر ضلع کی پوکرن تھانہ پولیس نے سرکاری کمیونٹی ہیلتھ سینٹر کے طبی اہلکار ڈاکٹر یعقوب کو وہاٹس ایپ پر دیوالی کے تہوارکولے کر قابل اعتراض تبصرہ کرنے کے الزام میں کل گرفتار کرلیا ۔شعبہ صحت نے ڈاکٹر یعقوب کو موجودہ عہدے سے ہٹاکر پوسٹنگ کے انتظار میں رکھا ہے۔پوکر ن کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نانک سنگھ نے بتایا کہ سرکاری کمیونٹی ہیلتھ سینٹرکے طبی اہلکار ڈاکٹر یعقوب کو اپنے موبائیل پر دیوالی کو لے کرقابل اعتراض تبصرے کرنے کے الزام میں گرفتارکیاگیاہے۔انہوں نے بتایا کہ ملزم کی جانب سے سوشل میڈیا پر کئے گئے قابل اعتراض تبصرے سے مشتعل مختلف تنظیموں نے قائم مقام قائم مقام سب ڈویژنل افسر، تحصیلدار اور چیف میڈیکل اور ہیلتھ افسر کو میمورنڈم سونپ کرطبی اہلکارکوہٹانے اور ان کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا تھا ۔قائم مقام سب ڈویژنل افسر نے بتایا کہ ضلع کلکٹر کی ہدایات پرڈاکٹر یعقوب کو موجودہ عہدے سے ہٹا کر جیسلمیر ہیڈکوارٹر بھیج دیا گیا ہے۔ان کے خلاف مجرمانہ مقدمہ درج کرکے تحقیقات کے ہدایات بھی دی گئی ہیں۔معاملے کی جانچ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو سپرد کی گئی ہے، جس کے بعد تمام تنظیموں نے دھرنا اور تحریک ملتوی کر دیا ہے۔