بنگلورو،3؍جون(ایس او نیوز) بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ کی سخت وارننگ کے بعد لیجسلیٹیو کونسل کے اپوزیشن لیڈر کے ایس ایشورپا بھیگی بلی بن گئے ، اور آج انہوں نے اپنے آپ کو سنگولی راینا برگیڈ کی سرگرمیوں سے اس طرح دور کردیا جس طرح گدھے کے سرسے سینگ ، اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ایشورپا نے دعویٰ کیا کہ سنگولی راینا برگیڈ سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی اعلیٰ کمان نے انہیں سنگولی راینا برگیڈ کی سرگرمیوں سے مکمل طور پر دور رہنے کا حکم دیا ہے اسی لئے اعلیٰ کمان کی ہدایت کو تسلیم کرتے ہوئے انہوں نے اس برگیڈ کو خیر باد کہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ایشورپا نے کہاکہ سنگولی راینا برگیڈ کی وجہ سے بی جے پی میں غیر ضروری طور پر انتشار پیدا ہوا جو نہیں ہونا چاہئے تھا۔ ایسے مرحلے میں جب کہ پوری ریاست میں کانگریس مخالف اور بی جے پی نواز لہر چل رہی ہے ، ایسی کسی بھی سرگرمی سے پارٹی کے خلاف لہر پیدا ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ فی الوقت سنگولی راینا برگیڈ سے جو قائدین وابستہ ہوچکے ہیں ، بی جے پی میں انہیں مناسب مقام اور مرتبہ دلانے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی بی جے پی متحد ہوکر انتخابات کا سامنا کرے گی ۔ان کے اور ریاستی بی جے پی صدر یڈیورپا کے درمیان اب کوئی اختلاف نہیں ہے۔خشک سالی سے نمٹنے کیلئے اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے ایشورپا نے کہا کہ مرکزی حکومت نے ریاست کے کسانوں کی مدد کیلئے 1742 کروڑ روپیوں کی رقم جاری کی ہے، جن میں ریاستی حکومت نے صرف 1042 کروڑ روپے صرف کئے ہیں ، باقی سات سو کروڑ روپے صرف نہیں کئے گئے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریاستی حکومت جلد ازجلد اس رقم کو خرچ کرنے کیلئے قدم اٹھائے۔اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو یہ ہدایت دی جائے کہ وقت ضائع کرنے کی بجائے خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں مناسب راحت کاری کی جائے۔ پینے کے پانی کے مسئلے کو انتہائی سنگین قرار دیتے ہوئے ایشورپا نے کہاکہ اس سلسلے میں حکومت کو بلاتاخیر متوجہ ہونا چاہئے تھا، لیکن وزیر اعلیٰ سدرامیا کو ریاست کے عوام کو پانی فراہم کرنے سے زیادہ ودھان سودھا میں اپنے کمرے کے ایر کنڈیشنڈ کی فکر زیادہ لاحق ہے۔ ریاست میں بی جے پی کو ہر حال میں اقتدار پر لانے کا عزم دہراتے ہوئے ایشورپانے کہاکہ فی الوقت ریاستی حکومت تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو یہ ہدایت جاری کردے کہ خشک سالی سے نمٹنے کیلئے راحت کاری تیزی سے آگے بڑھائے۔آٹھ اراکین کونسل کو نااہل قرار دینے کی نوٹس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ایشورپا نے کہاکہ کونسل چیرمین نے اس سلسلے میں جو فیصلہ لیا ہے بی جے پی اس کی پابند رہے گی۔