نئی دہلی،یکم اکتوبر (ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )ہندوستانی فوج کی طرف سے کئے گئے سرجیکل آپریشن کے بعد پی او کے میں دہشت گردوں کے درمیان خوف کا ماحول ہے ۔خفیہ ذرائع سے ملی معلومات کے مطابق دہشت گرد ی ٹریننگ کیمپوں سے دہشت گرد بھاگنے لگے ہیں۔پی او کے میں 24دہشت گردی کے کیمپوں کو خالی کرا لیا گیا ہے۔بدھ -جمعرات کی رات ہندوستانی فوج کے کمانڈوز نے پاک مقبوضہ کشمیر میں گھس کر سرجیکل آپریشن کیا تھا اور 50سے زائد دہشت گردوں کو مار گرایا تھا۔ان کے بچاؤ میں آئے پاکستانی فوج کو بھی بھاری نقصان اٹھانا پڑا تھا۔اب اس کارروائی کا اثر نظر آنے لگا ہے۔300سے زیادہ دہشت گرد پی او کے کے ٹریننگ کیمپوں سے بھاگ کھڑے ہوئے ہیں۔خفیہ رپورٹ کے مطابق سرجیکل آپریشن سے پہلے پی اوکے میں ٹریننگ کیمپوں میں 500سے زیادہ دہشت گرد تھے، لیکن اب صرف 200کے قریب ہیں۔یہ دہشت گردوں کے لانچنگ پیڈ کے تباہ کئے جانے کا اثر ہے۔دہشت گرد ہندوستانی فوج سے خوفزدہ ہیں۔آئی ایس آئی نے پہلے ہی 16سے 17دہشت گردی کے ٹریننگ کیمپوں کو فوجی اڈوں میں شفٹ کر دیا تھا، لیکن باقی 24ٹریننگ کیمپوں کو دہشت گردوں نے خالی کر دیا ہے۔
خالی کئے گئے دہشت گرد ی کے کیمپوں میں مظفر آباد کے نزدیک کا لشکر کا منشیرا کا وہ کیمپ بھی ہے جس میں 26/11کے دہشت گردوں کو ٹریننگ دی گئی تھی۔خفیہ ایجنسیوں کی معلومات کے مطابق دہشت گردوں میں یہ خوف ہے کہ اگلا سرجیکل آپریشن کہیں ان کیمپوں پر نہ ہو جائے اور وہ بے وجہ مارے جائیں ، اس لیے ٹریننگ کیمپ کو خالی کر دیاگیا ہے۔خفیہ رپورٹ کے مطابق پی او کے میں ٹریننگ کیمپوں کو خالی کرکے دہشت گرد یا تو اپنے گھروں میں لوٹ گئے ہیں یا پھر پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی نے انہیں پی اوکے میں ہی محفوظ ٹھکانوں پر پہنچا دیا ہے۔خفیہ ایجنسیوں کے مطابق جیش محمد، لشکر طیبہ اور حزب المجاہدین کے 200سے زیادہ دہشت گرد ٹریننگ کے بعد دراندازی کے لیے تیار بیٹھے تھے۔دراصل جس طریقے سے سرجیکل حملے میں سات لانچنگ پیڈ تباہ کردئیے گئے ہیں ، دہشت گردوں میں اور ان کو پناہ دینے والی پاکستانی سیکورٹی فورسز میں خوف کا ماحول ہے۔ایسے میں جن دہشت گردوں کو فوجی اڈوں میں شفٹ کیا گیا ہے انہیں بھی پاکستانی فوج روک رہی ہے۔