دھولے /مہاراشٹر، 12/مارچ (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ہندوستانی فوج کے جوان چند ولال بابو لال چوہان ہولی سے ایک دن قبل ہفتہ کو یہاں اپنے گھر واپس آگئے۔وزیر مملکت برائے دفاع سریش بھامرے چوہان کے گاؤں بوروہر تک ان کے ساتھ گئے، چوہان کا گاؤں بھامرے کے پارلیمانی حلقے میں پڑتا ہے۔37نیشنل رائفلس میں تعینات چوہان کنٹرول لائن کے اس پار دہشت گردوں کے کیمپوں پر ہندوستانی فوج کی طرف سے کئے گئے سرجیکل اسٹرائیک کے بعد 29/ستمبر 2016کو لاپتہ ہو گئے تھے، بعد میں پاکستانی فوج نے انہیں حراست میں لے لیا تھا اور طویل بات چیت کے بعد 21/جنوری کو انہیں رہا کر دیا تھا۔بھامرے نے ہفتہ کو فوجی کے گاؤں میں کہاکہ مجھے بہت خوشی ہے کہ وہ اپنے اہل خانہ میں واپس آئے ہیں،چوہان کے بھائی اور 9ویں مراٹھا رجمنٹ کے فوجی بھوشن، خاندان کے ارکان، دوستوں اور گاؤں والوں نے دھولے ضلع میں پہنچنے کے ساتھ ہی چوہان کا پرتپاک خیر مقدم کیا اور اس کے بعد دوپہر میں ان کے گاؤں میں ان کا استقبال کیا گیا۔پرفلت بھوشن نے گاؤں میں میڈیااہلکاروں سے کہاکہ اب ہم خوشی کے ساتھ ہولی منائیں گے۔