مایاوتی نے سنگھ کامقصدنفرت پرمبنی تقسیم اورسازش کی سیاست بتایا
لکھنؤ، 18اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی)سربراہ مایاوتی نے فوج کی طرف سے پاکستان کے مقبوضہ کشمیرمیں کئے گئے سرجیکل اسٹرائیک کا کریڈٹ آر ایس ایس کو دینے والے وزیر دفاع منوہر پاریکر کے بیان کو فوج کی توہین قرار دیا ہے۔مایاوتی نے آج یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ پاریکرکی طرف سے سرجیکل اسٹرائیک کرکے دہشت گردوں کے کیمپوں کو تباہ کرنے کی فوج کی کارروائی کا کریڈٹ پوری طرح سے فوج کو ہی دینے کے بجائے پہلے وزیر اعظم نریندر مودی کو اور اب سنگھ کو دیا جانا ہندوستانی فوج کے وقار کی توہین ہے، جو انتہائی قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور ملک کے وزیر دفاع اور خود وزیر اعظم کی طرف سے اس کا کریڈٹ لے کر سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کرنا اور اتر پردیش اور کچھ دیگر ریاستوں میں جلد ہی ہونے والے اسمبلی عام انتخابات میں اعلانیہ طور پر بی جے پی کی طرف سے اس کا انتخابی فائدہ اٹھانے کی کوشش غلط اور قابل مذمت ہے۔
ریاست کی سابق وزیر اعلی نے کہا کہ یہ جگ ظاہر ہے کہ سنگھ ایک قابل قبول ادارہ نہیں ہے، کیونکہ اس کا ایجیڈا نفرت پر مبنی تقسیم اورسازشی ہے،اتنا ہی نہیں اپنے آپ کو ثقافتی ادارہ قراردینے والے سنگھ کے لوگ ہمیشہ سیاسی مقصد سے ہی کام کرتے ہیں،اب تو ان کے کارکان کھلے طور پر بی جے پی اور اس کی حکومت میں شامل ہیں۔مایاوتی نے کہا کہ بی جے پی اترپردیش میں اپنی قابل رحم حالت کو لے کر پریشان ہے،اسی وجہ سے وہ اب ہر طرح سے حب الوطنی اور قوم پرستی کے موضوعات کی آڑ میں سیاست کر رہی ہے۔واضح رہے کہ وزیر دفاع منوہر پاریکر نے کل احمد آباد میں منعقد ایک پروگرام میں ہندوستانی فوج کے سرجیکل اسٹرائیک کا کریڈٹ آر ایس ایس کی تعلیم کو دیتے ہوئے کہا تھا کہ وزیر اعظم اور وہ خودسنگھ کی تربیت کی وجہ سے اس فوجی کارروائی کا سخت فیصلہ لے سکے ۔