نئی دہلی، 27؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )انکم ٹیکس محکمہ نے دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین کو سمن جاری کرکے کولکا تہ کی کچھ فرموں کے خلاف ٹیکس چوری کے معاملے میں جاری تحقیقات کے سلسلے میں پیش ہونے کو کہا ہے۔حکام نے بتایا کہ جین کو یہاں 4 ؍اکتوبر کو تفتیشی افسر کے سامنے پیش ہونے کے لیے کہا گیا ہے اور ساتھ ہی انہیں گزشتہ 4 سال کے آئی ٹی آر اور نجی مالی معلومات بھی ساتھ لانے کی ہدایت دی ہے۔انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں کولکا تہ کے انکم ٹیکس محکمہ نے ٹیکس چوری اور غیر قانونی مالی لین دین کے معاملے میں ایک فرم کے اکاؤنٹس کی جانچ کی تو اسے جین سے منسلک کچھ مالی لین دین کے ریکارڈ ملے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کو کم سے کم تین فرموں سے منسلک لین دین کے دستاویزات ملنے کی خبر ہے، جن کا جین سے تعلق ہے۔محکمہ سے منسلک ذرائع نے کہاکہ انکم ٹیکس محکمہ کچھ وقت سے اس معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے اور اس سلسلے میں ہی سمن جاری کیا گیا ہے۔کولکا تہ میں تلاشی کے دوران پکڑے گئے دستاویزات کے بارے میں جین سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔سمن پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے جین نے کہا کہ انہیں صرف ایک گواہ کے طور پر بلایا گیا ہے۔