نئی دہلی، یکم جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مالیاتی ٹیکس صلاح کار فرم ڈے لایٹ کے ایک سروے میں اکثرلوگوں کو امید ہے کہ وزیر خزانہ ارون جیٹلی کو 2017-18کے بجٹ میں انکم ٹیکس چھوٹ کی حد کو بڑھا کر پانچ لاکھ روپے اور دفعہ 80سی کے تحت کٹوتی کی حد کو بڑھا کر 2.50لاکھ روپے کرنا چاہیے۔سروے میں شامل سبھی لوگوں نے انکم ٹیکس چھوٹ کی حد بڑھائے جانے کی بات کی ان میں 58فیصد انکم ٹیکس چھوٹ کی حد کو بڑھا کر پانچ لاکھ روپے کیا جانا چاہیے۔ڈے لایٹ نے بجٹ سے پہلے کی امیدوں پر اس سروے رپورٹ میں کہا ہے، چھوٹ بڑھنے سے صارفین کے ہاتھ میں زیادہ پیسہ آئے گا اور مارکیٹ میں خریداری بڑھے گی۔اس کے علاوہ سلیب کی حد اونچی ہونے سے بچت کو فروغ ملے گا، اس سے بالآخر مالیاتی نظام میں سرمایہ کاری آئے گی۔سروے میں کہا گیا ہے کہ 71فیصد لوگ دفعہ 80سی کے تحت حد کو 2.50لاکھ روپے کرنے کے حق میں ہیں،فی الحال اس کے تحت 1.50لاکھ تک کی سرمایہ کاری پر ٹیکس میں چھوٹ ملتی ہے۔سروے میں کہا گیا ہے کہ آمدنی اور افراط زر کی سطح میں اضافہ کے پیش نظر موجودہ ٹیکس چھوٹ کی حد بہت کم ہے، اس حد کو بڑھانے سے خاندانوں کی بچت پیداواری علاقوں مثلا انشورنس، پرویڈنٹ فنڈ،شیئر میں لگ سکے گی۔اس سے بالآخر بنیادی ڈھانچہ علاقے پر خرچ بڑھے گا اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔