مینگلورو 20 / اگست (ایس او نیوز) کرناٹکا کانگریس نے موڈا گھپلے کے سلسلے میں وزیر اعلیٰ سدا رامیا کے خلاف قانونی کارروائی کے لئے ریاستی گورنر کی طرف سے اجازت دینے کی مذمت کرتے ہوئے ڈپٹی وزیر اعلیٰ شیوا کمار کی قیادت میں ریاست گیر پیمانے پر احتجاجی مظاہرے منعقد کیے ۔
اس موقع پر دکشن کنڑا کے منگلورو میں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس ایم ایل سی ایوان ڈیسوزا نے کہا کہ "اگر گورنر نے اپنی طرف سے دی گئی قانونی کارروائی کی اجازت واپس نہیں لی تو پھر ریاست میں احتجاجی مظاہروں کا ایک زبردست سلسلہ شروع ہو جائے گا اور ہو سکتا ہے کہ گورنر کو بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ جیسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑے ۔"
منگلورو میں احتجاجی مظاہرے کے دوران کانگریسی کارکنان نے ایک پرائیویٹ بس پر پتھر پھینکے ۔ سڑک پر ٹائر جلائے اور راستہ بلاک کیا ۔
بینگلورو کے فریڈم پارک میں منعقدہ احتجاجی مظاہرے میں وزیر برائے ہاوسنگ و اوقاف بی زیڈ ضمیر احمد خان نے کہا کہ چونکہ حزب اختلاف کے لئے ایک پسماندہ لیڈر کا دوسری مرتبہ وزیر اعلیٰ بننا برداشت نہیں ہو رہا ہے اس لئے وہ مخالفانہ سازشیں کرنے میں مصروف ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ "ہم لوگ اس معاملے کو عدالت میں لڑیں گے ۔ ہمیں پورا یقین ہے کہ ہمیں انصاف ملے گا ۔ بی جے پی اور جے ڈی ایس والے وزیر اعلیٰ کو ہٹا نہیں سکتے ۔ ہم سب سدا رامیا کی حمایت کرتے ہیں ۔ اگر ریاست میں کچھ بے چینی پیدا ہوتی ہے تو پھر اس کے لئے ریاستی گورنر ہی ذمہ دار ہونگے ۔"
وزیر برائے نقل و حمل راما لنگا ریڈی نے کہا کہ 'بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت نے گورنر کے دفتر کو اپنے منشیوں کے دفتر میں تبدیل کر دیا ہے ۔ مرکزی حکومت گورنروں کا وہ احترام نہیں کرتی جو ان کا حق ہے ۔ وہ گورنروں کو اپنے منشیوں کے طور پر استعمال کرتی ہے ۔' انہوں نے کہا کہ بی جے پی کا مطلب "بنڈل آف لائیس پارٹی'' ہے ، کیونکہ جھوٹ پھیلانے میں کوئی بھی ان کا مقابلہ نہیں کر سکتا ۔'
راما لنگا ریڈی نے مزید کہا کہ " ہٹلر کے زمانے میں ایک ایسا وزیر بھی ہوتا تھا جسی ذمہ داری ایک جھوٹ کو سیکڑوں بار اس وقت دہرانا ہے جب تک وہ سچ نہ بن جائے ۔ آج بی جے پی جھوٹ کو سچ میں تبدیل کرنے کے مقصد سے ہر روز سوشیل میڈیا کو استعمال کر رہی ہے ۔"
ریوینیو وزیر کرشنا بائرے گوڈا نے کہا "ریاستی گورنر نے ہر ایک کنڑیگا پر حملہ کیا ہے ۔ ہماری ریاستی حکومت نے ٹیکس، کاویری ، کرشنا، مہا دائی جیسے معاملات پر مرکزی حکومت سے ٹکر لی ہے ۔ اس لئے اب وہ لوگ ریاستی حکومت کو گرانے کے لئے گورنر کا استعمال کر رہے ہیں ۔وہ لوگ کنڑیگاس کو دبانا چاہتے ہیں۔" انہوں نے کہا کہ " گورنر نا اہل ہیں اور وہ بی جے پی کے ایک ایجنٹ ہیں ۔ نہ ان کی کوئی عزت اور نہ احترام ہے ۔ انہیں ہماری ریاست سے نکل جانا چاہیے ۔"