نئی دہلی،23ستمبر(ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا)سپریم کورٹ نے رچکا گرہوترا چھیڑ چھاڑ معاملے میں ہریانہ کے سابق پولیس ڈائریکٹر جنرل ایس پی ایس راٹھور کے مجرم ہونے کی آج تصدیق کر دی۔تاہم جسٹس ایم بی لوکر کی صدارت والی بنچ نے راٹھور کی 18ماہ کی قید کی سزا کو کم کرکے جیل میں گزاری گئی مدت تک محدود کر دی۔عدالت عظمی نے 2010میں راٹھور کو ضمانت دے دی تھی لیکن اس وقت تک وہ چھ ماہ جیل کی سلاخوں کے پیچھے گزار چکا تھا۔راٹھور نے مجرم ٹھہرائے جانے اور سزا کی مدت کو چھ ماہ سے بڑھا کر 18ماہ کے فیصلے کو عدالت عظمی میں چیلنج کیا تھا۔سیشن عدالت نے 25مئی، 2010کو سی بی آئی اور گرہوترا خاندان کی درخواست قبول کرتے ہوئے راٹھور کی جیل کی سزا کی مدت کو چھ ماہ سے بڑھا کر 18ماہ کر دی تھی۔اس سے پہلے، یکم ستمبر، 2010کو پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ نے راٹھور کی اس درخواست کو مسترد کر دیا تھا جس میں انہوں نے خود کو مجرم ٹھہرائے جانے اور سزا کی مدت بڑھانے کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔پٹیشن کو مسترد کرتے ہوئے عدالت نے کہا تھا کہ انہوں نے جو حرکت کی ہے وہ کسی بھی اعلی افسران کے لئے شرمناک ہے۔