گاندھی نگر،21؍دسمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )مرکزی وزیر ارون جیٹلی نے کہا کہ وزیراعلیٰ وجے روپانی کو گجرات کے بی جے پی پارٹی اراکین کا لیڈر منتخب کیا گیا ہے اور وہ دوسری مدت کے لئے بھی ریاست کے وزیراعلیٰ ہوں گے۔نائب وزیر اعلی نتن پٹیل بھی دوسری مدت کے لئے اسی عہدے پر بنے رہیں گے۔جیٹلی نے انہیں بی جے پی قانون ساز پارٹی کا ڈپٹی لیڈر قرار دیا۔بی جے پی قیادت نے جیٹلی کو گجرات بی جے پی پارٹی اراکین کے لیڈر اور ڈپٹی لیڈر کے انتخاب کے لئے مرکزی سپروائزر مقرر کیا تھا۔بی جے پی نے 182 رکنی اسمبلی میں99سیٹیں جیت کر اس اہم مغربی ریاست میں مسلسل چھٹی بار اسمبلی انتخابات میں فتح حاصل کی ہے۔ویسے کانگریس نے گزشتہ کئی سالوں میں پہلی بار سب سے اچھی کارکردگی اور77سیٹیں جیتیں لیکن وہ بی جے پی کو اقتدار سے معزول کرنے میں ناکام رہی۔