بنگلورو۔5؍دسمبر(ایس او نیوز) کروڑوں روپیوں کی غیر قانونی رقم کی ضبطی کے سلسلے میں محکمۂ انکم ٹیکس کے ہاتھ لگنے والے ریاستی روڈڈیولپمنٹ کارپوریشن کے چیف پراجکٹ انجینئر جے چندرا کو سی بی آئی نے اپنی تحویل میں لے لیا۔ بتایاجاتاہے کہ محکمۂ انکم ٹیکس کے چھاپوں میں ان کے گھر سے بڑی تعداد میں نئے نوٹوں کی ضبطی اور قیمتی اشیاء برآمد کئے جانے کے سلسلے میں کل رات سے سی بی آئی نے جئے چندرا کو اپنی تحویل میں لے کر کافی سختی سے پوچھ تاچھ جاری رکھی ہے۔ تاہم دیر رات انہوں نے خراب�ئ صحت کی شکایت کی جس کے بعد فوراً انہیں اسپتال میں داخل کروایا گیا، آج دوبارہ بلاری روڈ پر واقع سی بی آئی دفتر میں انہیں لے جاکر پوچھ تاچھ کا سلسلہ جاری رکھا۔ جئے چندرا کے ساتھ کنٹراکٹرچندرا کانت ، چنئی کی نجی بینکوں کے منیجروں اور دیگر سے بھی پوچھ تاچھ کا سلسلہ سی بی آئی نے جاری رکھا۔ دوسری طرف کاویری نیراوری نگم کے منیجنگ ڈائرکٹر چک رایپا سے بھی پوچھ تاچھ کے بارے میں سی بی آئی کی طرف سے تیاریاں کی جارہی ہیں۔ یاد رہے کہ چند دن قبل محکمۂ انکم ٹیکس نے جئے چندرا اور چک رایپا کے گھروں اور دفاتر پر چھاپے مارکر 4.7 کروڑ روپے نقد اور 192کروڑ روپیوں کی غیر قانونی دولت برآمد کی۔ اس کے فوراً بعد ریاستی حکومت نے دونوں افسران کو معطل کردیا۔ محکمۂ انکم ٹیکس کی کارروائی کے بعد انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ اور اب سی بی آئی ان دونوں افسروں کے پیچھے پڑ گئے ہیں۔