نئی دہلی،29اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)کانگریس نائب صدر راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو لکھے ایک خط میں کہا ہے کہ فوج کے جوانوں کو وہ سب کچھ ملناچاہئے جس کے وہ حق دار ہیں۔گاندھی نے اس خط میں لکھا کہ معذوروں کو دی جانے والی پنشن ہو، معاوضہ ہو یا پھر عام ملازمین کے ساتھ برابری کا معاملہ ہو، تمام جوانوں کو ان کا حق ملنا چاہئے۔یہی نہیں ’’ون رینک ون پنشن‘‘ کو صحیح طریقے سے نافذ کیا جائے تاکہ سابق فوجیوں کو کسی طرح کی شکایت نہ رہے۔راہل گاندھی نے ساتویں تنخواہ کمیشن کے بارے میں بھی بات کی جس میں انہوں نے کہا کہ اس کمیشن میں جو غلطیاں ہیں انہیں جلد سے جلد درست کیا جانا چاہئے۔خط میں یہ بھی کہاگیاکہ اس دیوالی میں ہمارے جوانوں تک یہی پیغام پہنچے کہ ہم ہر لحاظ سے ان کے شکر گزار ہیں۔