نئی دہلی: 10/مارچ( ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)کانگریس نائب صدر راہل گاندھی نے آج کہا کہ اتر پردیش میں بی جے پی کی سبقت دکھانے والے ایگزٹ پول غلط ہیں۔انہوں نے دعوی کیا کہ انتخابات میں کانگریس -سماجوادی اتحاد کی جیت ہوگی۔بہار اسمبلی انتخابات کے دوران ایگزٹ پول کے غلط ثابت ہونے کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس بار بھی ایسا ہی ہوگا۔انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر کہاکہ ہم لوگ اتر پردیش انتخابات میں کامیابی حاصل کریں گے، بہار انتخابات کے دوران بھی ایگزٹ پول کے اندازے غلط ثابت ہوئے تھے، ہم 11/مارچ کو بات کریں گے۔قابل ذکرہے کہ کل جاری زیادہ تر ایگزٹ پول کے مطابق،ریاست میں بی جے پی کو واضح سبقت ملنے کا امکان ہے، ان میں سے ایک میں بھگوا پارٹی کے تقریبا 285سیٹ جیتنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔گاندھی نے کہاکہ اوپینین پول پر میں کوئی تبصرہ نہیں کروں گا۔