نئی دہلی،24؍جنوری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)وزیر خارجہ سشما سوراج نے آج کہا کہ رامائن اور بدھ مت ایسے دو پہلو ہیں جو ہندوستان اور آسیان کو آپس میں جوڑتے ہیں اور اسی لیے انہیں ہندوستان آسیان یادگاری کانفرنس میں خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔ ہندوستان آسیان یوتھ اوراڈس میں سشما نے کہا کہ ہندوستان اور آسیان کے درمیان صدیوں پرانے تعلقات ہیں اور یہ تعلقات تاریخ، ثقافت، تجارت اور تعلیم جیسے متفرق شعبے میں پھیلے ہوئے ہیں۔ہندوستان آسیان یادگاری کانفرنس یہاں 25 جنوری سے منعقد ہونی ہے۔ اس سے پہلے ہونے والے پروگراموں میں سے ایک ہندوستان آسیان یوتھ اوارڈس ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوب مشرقی ایشیائی علاقے کے اسکالر ہندوستان کو ایک اہم تربیتی مرکز کے طور پر انتخاب کرتے ہیں، قدیم وقت میں وہ نالندہ یونیورسٹی کا انتخاب کرتے تھے۔ سشما نے کہاکہ رامائن اور بدھ مت دو پہلو ہیں جو ہندوستان اور آسیان کو آپس میں جوڑتے ہیں۔ اس لئے ہم نے ان دونوں کو یادگاری عالمی کانفرنس کے زمرے میں رکھا ہے۔