ممبئی، 30/دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ(ای ڈی)نے مشہور اسلامی مبلغ ذاکر نائیک اور ان کی تنظیم آئی آر ایف کے خلاف منی لانڈرنگ قانون کے تحت مجرمانہ مقدمہ درج کردیا ہے۔ حکام نے کہا کہ ایجنسی کے علاقائی دفتر نے یہاں ڈاکٹر نائیک اور دیگر کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے جسے ای ڈی کی زبان میں ’انفورسمنٹ معاملہ معلوماتی رپورٹ‘کہا جاتا ہے۔اس سے قبل ان کے خلاف غیر قانونی سرگرمی روک تھام قانون کے تحت این آئی اے کی طرف سے درج کی گئی اسی طرح کی شکایت پر نوٹس لیا گیاتھا۔انہوں نے کہا کہ ای ڈی اپنی جانچ میں ملزمان کی طرف سے مبینہ غیر قانونی منی لانڈرنگ کے الزامات اور جرم کے واقعات پر خاص طور پر غور کرے گا۔ایجنسی نے نائیک اور آئی آر ایف کے خلاف کچھ بینکنگ لین دین کے دستاویزات اور دیگر معلومات کوا سکین کیا ہے اور تحقیقات کو آگے بڑھانے کے لیے ان کی طرف سے جلد ہی سمن جاری کئے جانے کا امکان ہے۔قومی جانچ ایجنسی نے گزشتہ ماہ 51سالہ ڈاکٹر نائیک کے خلاف مذہبی اور نسلی بنیادوں پر مختلف کمیونٹیوں کے درمیان مبینہ طور پر تعصب کو فرو غ دینے کے الزام کے تحت انسداددہشت گردی قوانین کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔نائیک، آئی آرایف اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بعد این آئی اے اور ممبئی پولیس نے فاؤنڈیشن کے کچھ عہدیداروں کی رہائشی پریسروں سمیت 10مقامات پر چھاپے ماری کی تھی، اس ادارے کو بیرون ملک سے فنڈ لینے پر مرکزی وزارت داخلہ کی طرف سے ممنوعہ فہرست میں ڈال دیا گیا تھا۔اس سال کی شروعات میں بنگلہ دیش میں ہوئے دہشت گردانہ حملے میں ملوث ایک شخص کی طر ف سے ڈاکٹر نائک کی تقریروں سے متاثر ہونے کا دعوی کرنے کے بعد ہندوستان میں ڈاکٹر نائیک اور ان کے فاؤنڈیشن کے خلاف شکنجہ کسنا شروع کردیا گیا تھا اور بعد میں تعزیرات ہند کی دفعہ 153اے اور یواے پی اے کی مختلف دفعات کے تحت ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔