ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دیال سنگھ کالج کا نام تبدیل کرنے کے فیصلے پرروک

دیال سنگھ کالج کا نام تبدیل کرنے کے فیصلے پرروک

Tue, 19 Dec 2017 23:39:45    S.O. News Service

نئی دہلی ،19؍دسمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) انسانی وسائل و ترقی کے وزیر پرکاش جاوڈیکر نے آج کہا کہ دیال سنگھ کالج کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ حکومت کا فیصلہ نہیں ہے اور اس پر فی الحال روک لگا دی گئی ہے۔جاوڈیکر نے یہ بات وقفہ صفر میں تب کہی جب شرومنی اکالی دل کے رکن نریش گجرال نے یہ مسئلہ اٹھایا۔گجرال نے حکومت سے فوری مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ دیال سنگھ کالج مینجمنٹ کمیٹی نے اس کالج کا نام تبدیل کر کے وندے ماترم کالج رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ میں مانتا ہوں کہ وندے ماترم کہنے سے ہر ہندوستانی کے دل میں حب الوطنی کا احساس پیدا ہوجاتا ہے۔ حکومت کو پورے ملک میں وندے ماترم یونیورسٹیوں کا قیام کرنا چاہئے۔لیکن کسی ادارے کے نام کو نہیں تبدیل کرنا چاہئے۔ گجرال نے کہاکہ اقلیتی ادارے کا نام تبدیل کرنے سے سکھوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔میرے خیال سے اس کی مذمت کی جانی چاہئے۔اس معاملے پر حکومت سے فوری مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے گجرال نے کہا کہ مینجمنٹ کمیٹی کو فوری طور پر تبدیل کیا جانا چاہئے۔مختلف جماعتوں کے ارکان نے اس مسئلے پر اتفاق کیا۔انسانی وسائل و ترقی کے وزیر پرکاش جاوڈیکر نے کہا کہ کالج کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ مرکزی حکومت کا فیصلہ نہیں تھا۔انہوں نے کہاکہ یہ حکومت کا فیصلہ نہیں ہے اور نہ ہی یہ حکومت کوپسند ہے۔اس لئے ہم نے اس فیصلے پر فی الحال روک لگانے اور جلد ہی ایک اجلاس بلانے کو کہا ہے۔یہ ہمیں پسند نہیں ہے اور اس طرح سے نہیں ہو گا۔جاوڈیکر نے یہ بھی بتایا کہ دیال سنگھ کالج دہلی یونیورسٹی سے منسلک ہے اور یونیورسٹی کو اس بارے میں بتا دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جذبات سے کھلواڑ کرکے غیر ضروری تنازعہ پیدا کرنا غلط ہے۔


Share: