نئی دہلی، 29 ؍جنوری (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)دہلی ہائی کورٹ نے نفع بخش عہدہ کو لے کر نااہل قرار دئیے گئے آپ ممبران اسمبلی کی درخواست دو رکنی بنچ کے پاس آج بھیج دی۔جسٹس وبھ باکھرو کی بنچ نے چیف جسٹس کی بنچ کے سامنے کل کیس کی سماعت مقرر۔نگراں چیف جسٹس گیتا متل یا تو نئی بنچ قائم کر سکتی ہیں یا اسے موجودہ دو رکنی بنچ کو سونپ سکتی ہے۔عدالت نے اپنے 24 جنوری کے حکم کی مدت بڑھا دی ہے۔ عدالت نے ممبران اسمبلی کو نااہل قرار دئیے جانے کے بعد خالی ہوئی اسمبلی کی 20سیٹوں کو پُر کرنے کے لئے ضمنی انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن جاری کرنے پر روک لگا دی تھی۔عدالت کی ہدایت اس وقت آئی جب وکیل پرشانت پٹیل نے معاملے کو دو رکنی بنچ کو سونپنے کے لیے درخواست دی۔پٹیل کی ہی درخواست پر الیکشن کمیشن نے آپ ممبران اسمبلی کو نااہل قراردئیے جانے کی صدر سے سفارش کی تھی۔بعد میں اس سفارش کو صدر رام ناتھ کووند کی طرف سے منظوری دے دی تھی۔یہ عرضیاں آپ کے آٹھ ممبران اسمبلی نے دائرکی ہیں، جس میں نفع بخش عہدے کے لیے پارٹی کے 20 ممبران اسمبلی کو نااہل قرار دینے والے مرکز کے نوٹیفکیشن کو چیلنج کیاگیاہے۔ہائی کورٹ نے اس سے پہلے کارروائی سے متعلق پورا ریکارڈ طلب کیاتھا، جس کے بعد الیکشن کمیشن نے آپ کے ان20ممبران اسمبلی کو نااہل ٹھہرانے کی سفارش کی تھی اور صدرنے اسے20جنوری کی منظوری دے دی تھی۔