ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دہلی کی وزیر اعلیٰ بننے کے بعد آتشی نے کہا: آج میں غمگین ہوں، مبارکباد نہ دیں

دہلی کی وزیر اعلیٰ بننے کے بعد آتشی نے کہا: آج میں غمگین ہوں، مبارکباد نہ دیں

Tue, 17 Sep 2024 18:24:37    S.O. News Service

نئی دہلی، 17/ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) عام آدمی پارٹی (عآپ) کے قومی کنوینر اروند کیجریوال کے استعفیٰ کے بعد دہلی کو نیا وزیر اعلیٰ مل گیا ہے۔ عآپ اراکین اسمبلی کی میٹنگ میں آتشی کو دہلی کا نیا وزیر اعلیٰ منتخب کیا گیا۔ اس انتخاب کے بعد لوگوں نے آتشی کو مبارکباد دینا شروع کر دیا، لیکن آتشی نے وزیر اعلیٰ بننے کے بعد اپنے پہلے بیان میں کہا کہ، ’’مجھے مبارکباد نہ دیں، آج میں بہت غمگین ہوں۔‘‘

آتشی کا کہنا ہے کہ ’’یہ غم کا وقت ہے کہ اروند کیجریوال کو وزیر اعلیٰ عہدہ سے استعفیٰ دینا پڑا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’اتنی بڑی ذمہ داری دینے اور مجھ پر بھروسہ ظاہر کرنے کے لیے میں اپنے لیڈر اور سیاسی گرو اروند کیجریوال جی کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ مجھ جیسے عام کارکن کو رکن اسمبلی، وزیر اور اب وزیر اعلیٰ عہدہ کی ذمہ داری ملنا صرف عام آدمی پارٹی میں ہی ممکن ہے۔ آج یہ اہم ذمہ داری ملنے کی مجھے خوشی تو ہو رہی ہے، لیکن مجھے اس سے زیادہ غم ہو رہا ہے کہ میرے بڑے بھائی اور گرو اروند کیجریوال جی استعفیٰ دے رہے ہیں۔‘‘

آتشی نے میڈیا سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’’میں کیجریوال کی رہنمائی میں حکومت چلاؤں گی۔ کیجریوال کی گرفتاری غلط ہے، بی جے پی نے ای ڈی-سی بی آئی کا استعمال کر کے انھیں آبکاری معاملہ میں پھنسایا۔ دہلی والے اروند کیجریوال کو ہی وزیر اعلیٰ عہدہ پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ دہلی میں جلد انتخاب ہوں گے اور لوگ کیجریوال کو پھر سے کامیاب بنائیں گے۔‘‘

اپنی بات کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے وزیر اعلیٰ آتشی نے کہا کہ بی جے پی نے گزشتہ دو سالوں میں اروند کیجریوال کو پریشان کرنے کے لیے سازش تیار کی۔ بی جے پی نے کیجریوال پر جھوٹے الزامات عائد کیے۔ اپنی ایجنسی ای ڈی-سی بی آئی کو کیجریوال کے پیچھے لگا دیا۔ وہ تقریباً چھ ماہ تک جیل میں رہے۔ سپریم کورٹ نے صرف ان کو ضمانت نہیں دی بلکہ عدالت نے مرکزی حکومت اور ایجنسیوں کے چہرے پر طمانچہ مارا ہے۔ اگر کیجریوال کی جگہ دوسرا کوئی لیڈر ہوتا تو استعفیٰ دے دیتا، لیکن کیجریوال نے ایسا نہیں۔ اب جب وہ جیل سے باہر آئے ہیں تو استعفیٰ دے کر ایک مثال قائم کی ہے۔


Share: