ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / دہلی حکومت نہیں بلکہ مرکزی حکومت کے تحت ہی رہے پولیس فورس

دہلی حکومت نہیں بلکہ مرکزی حکومت کے تحت ہی رہے پولیس فورس

Tue, 27 Sep 2016 19:17:27  SO Admin   S.O. News Service

کانگریس دہلی کے مکمل ریاست کے مطالبے کے خلاف :دگ وجے سنگھ
حیدرآباد ،27ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)کانگریس کے جنرل سکریٹری دگ وجے سنگھ کا کہنا ہے کہ دہلی حکومت دہلی پولیس پر اپنا حق نہیں جتا سکتی اور مفادات کے تصادم کو روکنے کے لئے فورس کو مرکزی حکومت کے تحت ہی رہنا چاہئے۔انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ کانگریس دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دینے کے خلاف ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں کہیں بھی قومی دارالحکومت کسی اور ریاست کے تحت نہیں آتی ہے۔مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی سنگھ نے اس بابت ایک مثال بتاتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن کا کنٹرول براہ راست وفاقی حکومت کے ہاتھوں میں ہے،یہ مسئلہ داخلی سلامتی سے منسلک بھی ہے۔سنگھ نے کہا کہ اگر کسی ایک پارٹی کے وزیر اعلی اور کسی اور پارٹی کی حکومت(مرکز )کے درمیان مفادات کا ٹکراؤ ہوتا ہے تو ایسے میں کیا ہو گا؟۔انہوں نے مکمل ریاست کا مطلب بیان کرتے ہوئے کہا کہ ایسے میں پولیس ریاستی حکومت کے تحت بھی آ جائے گی لیکن اگر دہلی کے وزیر اعلی وزیر اعظم کے خلاف فوجداری مقدمہ دائر کرتے ہیں تب کیا ہوگا؟ یہ سمجھنا چاہئے کہ دہلی حکومت کے پاس پولیس فورس کو چھوڑ کر باقی تمام اختیارات ہیں۔مرکز کی طرف سے مقرر لیفٹیننٹ گورنر نجیب جنگ اور دہلی حکومت کے درمیان نت نئے تنازعات کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آپ موازنہ کریں گے تو دیکھیں گے کہ شیلا دکشت اور اروند کجریوال دونوں کے پاس ایک جیسی طاقتیں تھی لیکن انہوں نے کام کر کے دکھایا۔آپ حکومت نے دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک بل کا مسودہ جاری کیا تھا اور پولیس، زمین، کارپوریشن اور بیوروکریسی کو ریاست کے کنٹرول میں دینے کی مانگ کی تھی۔اس بارے میں عوام سے تجاویز بھی مانگی تھی۔


Share: