نئی دہلی،6؍اپریل (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )کسی کالعدم تنظیم یا دہشت گرد گروپ سے ہمدردی رکھنے والے طالب علموں کی پریشانیاں اب بڑھنے والی ہیں۔ دہلی حکومت ان بچوں کو اسکولوں میں داخلہ دینے سے انکار کر رہی ہے جو ایسی کسی تنظیم سے ہمدردی رکھتے ہیں۔ دہلی حکومت نے یہ قدم ایسے وقت میں اٹھایا ہے جب ملک بھر کی یونیورسٹیوں اور اعلی تعلیمی اداروں میں قوم پرستی پر بحث چل رہی ہے۔ تعلیم ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے حال ہی میں جاری مثالی ضابطہ اخلاق کے مطابق، کسی بھی کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے کو ملک مخالف سرگرمی بتایا ہے۔ اس میں ملوث پائے جانے پر کسی بھی طالب علم کو داخلہ دینے سے انکار کیا جا سکتا ہے ،یا وہاں پڑھ رہے طالب علم کو نکالابھی جا سکتا ہے۔ طالب علموں کو داخلہ یا نئے تعلیمی سیشن میں داخل کرنے کے وقت مثالی ضابطہ اخلاق کے تحت بہت سی ہدایات سونپی جاتی ہیں۔ ان میں کسی کالعدم تنظیم سے وابستگی رکھنا بھی شامل ہے۔ یہ ہدایات بنیادی طور کلاس 6 سے 12 ویں تک کے طالب علموں کے لئے ہیں۔