نئی دہلی، 19؍جولائی(ایس ا نیوز؍آئی این ایس انڈیا )این ڈی اے حکومت کو حمایت دینے والی پارٹی سوابھیمان پارٹی کے رکن راجو شیٹی نے مدھیہ پردیش کے مندسور میں گزشتہ دنوں کسانوں پر ہوئی فائرنگ کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے اپنی ہی حکومت پرنشانہ لگایا۔لوک سبھا میں وقفہ صفر کے دوران راجو شیٹی نے کہا کہ مدھیہ پردیش کے مندسور میں اپنے مطالبات کو اٹھانے والے کسانوں پر فائرنگ کی گئی اور ایک کسان کاتھانے میں پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا گیا۔اس دوران بی جے پی ارکان کے ٹوکا-ٹوکی کرنے پر انہوں نے سوال کیا کہ کیا کسانوں کے مسائل اٹھاناگناہ ہے؟۔ انہوں نے حکومت سے جانناچاہا کہ کیا کسان دہشت گرد ہیں، جو ہم ایوان میں ان کی بات نہیں اٹھاسکتے۔مہاراشٹر میں کسانوں سے منسلک سوابمانی شیتکاری تنظیم کو چلانے والے شیٹی نے کہا کہ وہ گزشتہ 25سالوں سے کسانوں سے جڑے ہوئے ہیں، لیکن مندسور میں کسانوں پر جو بربریت کی گئی، ویسا انہوں نے کبھی نہیں دیکھا۔