بنگلورو،23؍جولائی (ایس او نیوز) بنگلوروشہر کے کرناٹک فلم چیمبرس اور جیون بیما بلڈنگ کے درمیان اسٹیل فلائی اوور کی تعمیر کے خلاف مقامی لوگوں نے احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے اپیل کی کہ اس منصوبہ کو فوراً رد کرے۔ احتجاجیوں نے حکومت کے خلاف جم کر نعرے بازی بھی کی۔ نوین نامی شخص نے اس موقع پر بتایا کہ اس پروجیکٹ کی تکمیل تک عوام کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ خصوصاً اس روٹ میں 30بڑے پیڑوں کو کاٹنا پڑے گا جس سے ماحولیات پر برا اثر پڑے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت ضرورت اس بات کی ہے کہ شہر کی ماحولیات کو بہتر بنایا جائے۔ شہر میں آلودگی کی مقدار بڑھتی ہی جارہی ہے۔ اس لئے حکومت کو چاہئے کہ اس کیلئے ضروری اقدامات کرے۔ چونکہ پہلے ہی بہت سارے پیڑ پودے ختم کئے جاچکے ہیں۔مزید پیڑ نہ کاٹے جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ بہت ضروری ہے کہ آلودگی پر قابو پانے کیلئے کثیر تعداد میں پودے لگائے جائیں۔ اسٹیل فلائی اوور کی تعمیر کے خلاف بیان دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہرے کرشنا روڈ اور جیون بلڈنگ کے درمیان سڑک کی چوڑائی زیادہ سے زیادہ 65فیٹ ہے۔ اگر فلائی اوور کی تعمیر کی جاتی ہے تو سڑک بہت چھوٹی ہوجائے گی۔ جس سے گاڑیوں کی آمد ورفت میں دشواری بھی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس کیلئے شہریوں کو بیدار ہونے کی ضرورت ہے۔حامد نامی شخص نے اس سلسلہ میں بتایا کہ اسٹیل فلائی اوور کی تعمیر کے نام پر سیاسی لوگوں کی یہ تجارت ہے۔ حالانکہ اس وقت شہر میں ٹریفک اور بڑھتی ہوئی آلودگی بہت بڑا مسئلہ بنا ہوا ہے۔ حکمرانوں کو چاہئے کہ ٹریفک کو بہتر بنانے کیلئے اسٹیل فلائی اوور کی تعمیر کے علاوہ بھی دیگر راستے ہیں۔ مگر پیڑوں کو کاٹنے سے روکنے کیلئے اقدامات بہت ضروری ہے۔ شالنی نامی خاتون نے بتایا کہ مذکورہ پروجیکٹ سے فائدہ کم نقصان زیادہ ہے۔ اس لئے حکومت اس منصوبہ کو ترک کردے۔