ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / حج سفر کو آسان اور شفاف بنانے کے لئے آن لائن ایپلی کیشنز کی حوصلہ افزائی؛ مختار عباس نقوی کا بیان

حج سفر کو آسان اور شفاف بنانے کے لئے آن لائن ایپلی کیشنز کی حوصلہ افزائی؛ مختار عباس نقوی کا بیان

Tue, 20 Dec 2016 19:07:23  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 20دسمبر(ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) مرکزی اقلیتی امورکے وزیرمختارعباس نقوی نے آج کہاکہ مرکزی حکومت اگلے حج کے لئے حج مسافروں کیلئے آن لائن درخواستوں کی بڑے پیمانے پرحوصلہ افزائی کر رہی ہے تاکہ آسانی اور شفافیت کے ساتھ لوگ اگلے حج سفر کیلئے درخواست دے سکیں۔نقوی نے ’بی پی ایل بھون“میں اقلیتی وزارت کے حج محکمہ کی نئی ویب سائٹ شروع کی جوہندی،اردواورانگریزی میں ہوگی۔اقلیتی امور کے وزیر نے کہا کہ ہماری کوشش ہے اس بار زیادہ سے زیادہ لوگ حج کیلئے آن لائن درخواست دے سکیں۔اس کے لئے مرکزی حکومت آن لائن درخواست کو سادہ قابل رسائی بنا رہی ہے۔حج2016میں ملک بھر میں 21مراکز سے تقریبا 99903حاجیوں نے حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعہ حج کیااورتقریباََ36ہزارحاجیوں نے پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کے ذریعے حج کی ادائیگی کی تھی۔نقوی نے کہا کہ اقلیتی وزارت آنے والے حج کے بہتر انتظامات کی تیاری میں ابھی سے وسیع پیمانے پر لگ گئی ہے تاکہ مکہ اور مدینہ میں حج کے دوران حاجیوں کو کسی بھی قسم کی دقت نہ ہو۔مرکزی وزیر نے کہا کہ مرکزی حکومت حج کو بہتر بنانے اور حاجیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت مہیا کرانے کو پابند عہد ہے۔حج کے سفر کو بہتر بنانے کے مقصد سے نقوی اور ہندوستان میں سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر سعود محمد الساتی نے بات چیت کی۔ سرکاری پریس ریلیز کے مطابق بی پی ایل کی عمارت میں ہوئی ملاقات کے دوران نقوی نے ڈاکٹر الساتی سے اگلے حج سفر سے متعلق مختلف مسائل پر بامعنی اور جامع بحث کی۔نقوی نے کہا کہ گزشتہ حج سفر میں سعودی عرب حکومت نے کافی تعاون کیا تھا۔نقوی نے کہا کہ ہم نے اگلے حج کے لئے ملک بھر سے آئی مختلف تجاویز کی بنیاد پر سعودی عرب حکومت اور حج سے جڑی ہندوستان کی ایجنسیوں سے بات چیت شروع کر دی ہے۔شہری ہوا بازی کی وزارت کے حکام سے بھی کہا گیا ہے کہ حج مسافروں کو آنے جانے کے لئے جدید سہولت پر مشتمل جہاز دستیاب بنایا جانا چاہئے۔


Share: