پتّور یکم اگست (ایس او نیوز)ضلع جنوبی کینرا کے انچارج وزیر رما ناتھ رائے کے مطابق جنوبی کینر ا میں ہوئی قتل وارداتوں کے لئے گرفتار ملزمین میں کوئی بھی کانگریسی کارکن شامل نہیں ہے، بلکہ وہ سب سنگھ پریوار یا ایس ڈی پی آئی کے کارکنان ہیں۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق رماناتھ رائے نے وٹلا۔ اپن انگڈی بلاک کانگریس کی طرف سے منعقدہ پارٹی کارکنان کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے یہ بیان دیا ہے۔رکن پارلیمان نلین کمارکٹیل پر پلٹ وار کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ نلین کمار نے" مجھ پرمقتولوں کے گھرجاکر اہل خانہ کو دلاسہ نہ دینے کا الزام خواہ مخواہ ہی لگایا ہے۔ کیا نلین کمار نے جلیل کروپاڈی اور اشرف کلائی کے گھر جاکر تعزیت کی ہے؟!"
مسٹر رماناتھ رائے نے اپنا بیان جاری رکھتے ہوئے کہا کہ" کیا آپ کو پتہ ہے کہ مرکزی وزیر سدانند گوڈا کے پاس کتنی بے نامی جائیدادیں ہیں؟"رکن پارلیمان شوبھا کرندلاجے کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ جنوبی کینرا کی صورتحال کا موضوع لے کر وہ یہاں وہاں بھاگتی رہیں۔ شوبھانے مرکزی حکومت کو دی گئی فہرست میں زندہ افراد کے نام بھی مقتولوں میں شامل کرلئے۔انہوں نے سوال کیا کہ شوبھا کرندلاجے نے اتنی ساری جائیدادیں کہاں سے حاصل کیں؟کیا وہ کسی شاہی خاندان سے تعلق رکھتی ہیں جنہیں وراثت میں یہ جائیدادیں ملی ہیں!
کانگریس پارٹی ورکرس کی اس میٹنگ سے وزیر غذا یو ٹی قادر اور ایم ایل اے مسز شکنتلا شیٹی نے بھی خطاب کیا۔