نئی دہلی،26؍دسمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)پاکستان کی جیل میں بند ہندستانی بحریہ کے سابق کمانڈر کلبھوشن جادھو سے ملاقات کے لئے گئیں ان کی ماں اور بیوی کو منگل سوتر، چوڑیاں، بندی اور جوتیاں اتارنے اور کپڑنے تبدیل کرنے پر مجبور کرنے پر ہندستان نے سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ ایسا سلوک دونوں ممالک کے مابین ہوئے اتفاق رائے کی خلاف ورزی ہے۔وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے کل ہوئی اس ملاقات کے بارے میں آج سرکاری ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پاکستان حکومت کے اس ملاقات کے لیے اختیارکے لیے طور طریقوں کو ’خوفزدہ‘ کرنے و الا قرار دیا۔ترجمان نے کمانڈر جادھو کی اہلیہ کی جوتیاں واپس نہیں کرنے پرپڑوسی ملک کو آگاہ کیا کہ اگر اس نے اس پر کوئی شرارتی حرکت کی تو یہ ٹھیک نہیں ہوگا۔