نئی دہلی، 15 اپریل(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) پاکستانی فوجی عدالت کی جانب سے جاسوسی کے الزام میں کلبھوشن جادھو کو پھانسی کی سزا سنائے جانے سے پیدا ہوئی کشیدگی کے درمیان ہندوستان نے اگلے ہفتے کے آغاز میں پاکستان کے ساتھ ہونے والے سمندری سیکورٹی مذاکرات کو منسوخ کر دیا ہے۔پاکستان کی سمندری سیکورٹی ایجنسی( یم ایس اے) کی قیادت میں ایک وفد نئی دہلی کے دورے پر 16-19 اپریل کے درمیان ماہی گیروں، تلاش اور بچاؤ مہم سے متعلق مسائل پر بحث کرنے کے لئے آنے والا تھا۔کوسٹ گارڈ کے ذرائع نے بتایا کہ وزارت دفاع نے وفد کے دورے کی منظوری نہیں دی۔ہندوستان کے سابق بحریہ افسر جادھو کو پاکستانی فوجی عدالت کی جانب سے موت کی سزا سنائے جانے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے بعد یہ نیا واقعہ ہے۔ہندوستان یہ بات پہلے کہہ چکا ہے کہ اگر جادھو کو پھانسی کی سزا دی جاتی ہے تو وہ اسے قتل عمد کے طور پر دیکھے گا۔