بنگلورو۔20جون(ایس او نیوز) وزیر صحت یو ٹی قادر نے آج بتایاکہ علاج کے نام پر جاری مختلف تھیراپی کرنے والوں کو قانون کے دائرے میں لاتے ہوئے ان کیلئے کے پی ایم ای میں رجسٹریشن کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ اس طرح کی تھیراپیوں سے مضر اثرات ظاہر ہونے کے خدشات ہیں۔ ایسے میں انہیں اسکین ڈاکٹروں کے ذریعہ علاج کرانا پڑ سکتاہے، جس کے تحت ان کے رجسٹریشن کو لازمی قرار دیتے ہوئے حکمنامہ جاری کیا گیا ہے، ان کے مطابق شہر میں اس طرح کے تھیراپی سنٹرس نے بی بی ایم پی کے شعبہ صحت سے لائسنس حاصل کیاہے
، اب آئندہ سے لازمی طور پر ضوابط پر عمل کرتے ہوئے رجسٹریشن کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ڈاکٹروں کی سبکدوشی کی عمر 60 سے 65 سال کردی گئی ہے۔ اس خصوص میں قانون میں ترمیم لائی گئی ہے، جس کے تحت جسمانی طور پر صحت مند اور ڈیوٹی پر برقرار رہنے کے خواہشمند افراد کو برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے بتایاکہ برسات کے موسم میں مچھروں سے پھیلنے والے وبائی امراض پر قابو پانے کیلئے تمام اقدامات کئے گئے ہیں۔ اسی طرح تمام سرکاری اسپتالوں میں پلیٹ لیس کی دستیابی کا نظام متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت کسی بھی اسپتال میں پلیٹ لیس کی قلت نہیں ہوگی۔انہوں نے بتایاکہ ملیا اسپتال میں زیر علاج بچے کو منی پال اسپتال منتقل کرنے کی شکایت پر اسپتال کو نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔اگر اسپتال کے ذریعہ لاپرواہی برتی گئی ہے تو قانونی کارروائی کی جائے گی۔ وزیر صحت نے بتایاکہ کل عالمی یوم یوگا کے موقع پر صبح سات بجے سے کنیٹروا اسٹیڈیم میں پروگرام منعقد ہوں گے۔ اس کا افتتاح وزیراعلیٰ سدرامیا کریں گے، اور وزیر حج عامہ اور انفرااسٹرکچر آر روشن بیگ کی صدارت ہوگی، جبکہ ریاستی وزراءڈاکٹر جی پرمیشور اور کے جے جارج بھی شرکت کریں گے۔ پہلی مرتبہ اداکارہ بیپاشاباسو اس پروگرام میں شرکت کرنے والی ہیں۔ جس میں تقریباً دس ہزار سے زائد افراد حصہ لیں گے۔