چنئی ، 2نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)تمل ناڈو حکومت نے آج کہا کہ مرکز نے سروانی دریا پر مجوزہ ڈیم کے لئے کیرالہ کو انوائرنمنٹل امپیکٹ اسسمنٹ’ای آئی اے‘مطالعہ کرنے کی اجازت دینے کی وزارت ماحولیات کی ایک ماہر کمیٹی کی سفارش ’روکے رکھنے ‘کا فیصلہ لیا ہے۔حکومت نے کہا کہ مرکز نے ایک خط میں اپنے فیصلے کے بارے میں تمل ناڈو کو مطلع کیا ہے۔تمل ناڈو کیرالہ کے منصوبے کی مخالفت کر رہا تھا۔تمل ناڈو کو لکھے گئے مرکز کے خط کا حوالہ دیتے ہوئے ایک سرکاری ریلیز میں بتایا گیا کہ ماحولات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت نے معاملے کی تحقیقات کی اور کاویری پانی تنازعہ کے حل ہونے تک ماہر کمیٹی کی سفارشات کو روکے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ستمبر میں ریاستی اسمبلی نے ایک متفقہ قرارداد منظور کی تھی جس میں اٹٹپپڈی آبپاشی کے منصوبے کے لئے ای آئی اے مطالعہ کرنے کی کیرالہ کو اجازت دینے کی کمیٹی کی سفارشات کو قبول نہ کرنے کا کا مرکز پر زور دیا گیا تھا۔اس کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔