کولکاتہ، 2نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)کلکتہ ہائی کورٹ نے راجیہ سبھا کے رکن کنال گھوش کی عبوری ضمانت کی مدت 23دسمبر تک بڑھا دی ہے۔وہ کئی کروڑ روپے کے ساردا گھوٹالے میں ملزم ہیں۔جسٹس اسیم کمار رائے اور جسٹس ایم ایم بنرجی کی بینچ نے گھوش کی ضمانت مدت بڑھا دی جنہیں پانچ اکتوبر کو اسی عدالت نے ضمانت دی تھی۔بینچ نے گھوش کو 11نومبر تک عبوری ضمانت دی تھی جنہیں ترنمول کانگریس نے پارٹی مخالف مبینہ سرگرمیوں کے الزام میں معطل کر دیا تھا۔سی بی آئی کی طرف سے گرفتار کئے جانے کے بعد وہ دو سال سے زیادہ وقت تک حراست میں رہے۔گھوش ساردا گروپ کے میڈیا کے کاروبار کے سربراہ تھے اور انہیں دولاکھ روپے کی ضمانت پررہاکیاگیاتھا۔بنچ نے ہدایت دی تھی کہ گھوش عدالتی کارروائی یا انکوائری حکام سے ملاقات کے علاوہ شہرکے نرکیلڈگاتھانہ علاقے سے باہر نہیں جائیں گے۔شاردا گھوٹالہ روشنی میں آنے کے بعدگھوش کو23نومبر2013کوبدھاننگر تھانے نے گرفتار کیا تھا۔گھوش کی طرف سے اس گھوٹالے میں پارٹی رہنماؤں کے ملوث ہونے کے الزام لگانے پرترنمول کانگریس نے انہیں پارٹی مخالف سرگرمیوں کے الزام میں ستمبر 2013میں معطل کر دیاتھا۔