کولکا تہ، یکم جنوری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)ترنمول کانگریس نے آج اپنے یوم تاسیس کے موقع پر کہا کہ نوٹ بند ی کی اس کی طرف سے مخالفت کئے جانے کی وجہ سے انتقام کی سیاست تیز ہوگی لیکن جب تک وہ قومی سیاست میں فیصلہ کن کردار ادا نہیں کر لیتی، وہ روکے گی نہیں۔پارٹی نائب صدر مکل رائے نے یہاں پارٹی کے 19ویں یوم تاسیس کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہماری پارٹی اور ہماری سربراہ ممتا بنرجی نے نوٹ بند ی کے عوام مخالف فیصلے کی مخالفت کی تھی، اس لیے آنے والے دنوں میں انتقام کی سیاست تیز ہوگی، لیکن یہ ترنمول کانگریس کو عوام مخالف فیصلے کی مخالفت کرنے سے نہیں روک سکتی۔انہوں نے کہاکہ جب تک ہم آئندہ دنوں میں قومی سیاست میں فیصلہ کن کردار ادا نہیں کر لیتے، ہم نہیں روکیں گے۔2019میں ترنمول کانگریس اپوزیشن طاقتوں کو متحد کرکے حکومت کی تشکیل میں بڑا کردار نبھائے گی۔مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی شروع سے ہی نوٹ بند ی کی مخالفت کر رہی ہیں اور اسے واپس لینے کا مطالبہ کر رہی ہیں۔انہوں نے گزشتہ سال لکھنؤ، پٹنہ میں احتجاج جلسے کرنے کے علاوہ دہلی میں ہوئے دھرنے میں بھی حصہ لیا تھا۔ممتا نے ٹوئٹر پر لکھا،یکم جنوری 1998میں بنگال کے لوگوں کی طرف سے قائم کردہ ترنمول کانگریس آج 19سال کی ہو گئی،’ہم اپنے آپ کو عوام کے ساتھ، عوام کے لیے اور عوام کی طرف سے‘کے لیے ایک بار پھر وقف کرتے ہیں۔واضح رہے کہ ممتا نے کانگریس سے اختلاف کے بعد الگ ہو کر ترنمول کانگریس بنائی تھی۔