ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / تباہی کے بعد وائناڈ کو ملے گا گرین پروٹیکشن، 5 دیگر ریاستوں کے علاقے بھی ہیں ڈرافٹ میں شامل

تباہی کے بعد وائناڈ کو ملے گا گرین پروٹیکشن، 5 دیگر ریاستوں کے علاقے بھی ہیں ڈرافٹ میں شامل

Sat, 03 Aug 2024 12:38:08    S.O. News Service

وائناڈ، 3/ اگست (ایس او نیوز/ایجنسی) وائناڈ میں زمین کھسکنے سے ہوئی 300 سے زائد ہلاکتوں کے بعد مرکزی حکومت نے ایک اہم فیصلہ لیتے ہوئے مغربی گھاٹ کے علاقوں کو ایکولوجیکل سنسیٹیو ایریا (ESA) اعلان کرنے کا ڈرافٹ تیار کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں مرکزی وزارت ماحولیات نے ڈرافٹ نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس میں کیرالہ کے وائناڈ ضلع کے ساتھ گجرات، مہاراشٹر، گوا، تمل ناڈو اور کرناٹک کے مغربی گھاٹ کے علاقوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت ماحولیات کی طرف سے جاری کئے گئے ڈرافٹ نوٹیفکیشن میں گرین پروٹیکشن کے لیے وائناڈ کو منتخب کیا گیا ہے جہاں 30 جولائی کو ہوئے لینڈ سلائڈ سے کافی تباہی مچی ہے۔ حکومت کا یہ ای ایس اے کوالیفکیشن پرپوزل 6 ریاستوں اور مغربی گھاٹ کے 59,940 مربع کیلومیٹر علاقہ یا تقریباً 37 فیصد علاقے کو کور کرتا ہے۔ حکومت کے ذریعہ جاری کیا گیا ڈرافٹ 2022 کی طرح ہی ہے۔

وزارت کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ اس ڈرافٹ کو دوبارہ جاری کیا گیا ہے کیونکہ پچھلا ڈرافٹ اکسپائر ہوگیا تھا۔ وزارت جنگلات و ماحولیات کی تشکیل کردہ ہائی لیول کمیٹی نے ابھی تک اپنی رپورٹ مکمل نہیں کی ہے۔ انہوں نے کیرلا سمیت دیگر ریاستوں سے ملے جوابوں کی بنیاد پر ہمیں ابھی تک آخری تجویز نہیں دی ہے۔ ماہرین کے مطابق وائناڈ ضلع میں ہوئے لینڈ سلائڈ کی وجہ سے اس نئے ڈرافٹ کو تیار کیا گیا ہے۔ جن علاقوں کو ای ایس اے کے لیے منتخب کیا گیا ہے ان ریاستوں کو ڈرافٹ بھیج دیا گیا ہے، ریاستوں کے پاس اسے قبول کرنے یا نامنظور کرنے کا اختیار ہے۔

2011 میں مشہور اِکولاجسٹ مادھو گاڈگل کی قیادت والے پینل کے ذریعہ پہلی مرتبہ اس طرح کے سرحدی تعین کی سفارش کئے جانے کے 13 برس بعد یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔ اس وقت 75 فیصد علاقے کو محفوظ کرنے کی سفارش کی گئی تھی جو اب کم ہوکر 37 فیصد ہوگئی ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ اگر کسی علاقے کو ای ایس اے اعلان کیا جاتا ہے تو وہاں کھدائی، ریت کھدائی، تھرمل پاور پلانٹ اور آلودگی پھیلانے والے صنعت لگانے پر پوری طرح پابندی عائد ہو جاتی ہے۔ اس کے علاوہ اس علاقے میں نیا ٹاؤن شپ پروجیکٹ بھی شروع نہیں کیا جاسکتا۔ البتہ ای ایس اے کے تحت آنے والے علاقوں میں ہائیڈرو پاور پروجیکٹ اور کم آلودگی والی صنعتوں کو شرائط کے ساتھ اجازت دی جاتی ہے۔


Share: