ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / بین الاقوامی سرحد پر جنگ بندی کی خلاف ورزی پر 

بین الاقوامی سرحد پر جنگ بندی کی خلاف ورزی پر 

Thu, 03 Nov 2016 19:14:20  SO Admin   S.O. News Service

اقوام متحدہ میں شکایت درج کرانے میں ہندستان کیوں خاموش: بھیم سنگھ
نئی دہلی،3نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی اور بین الاقوامی وکیل پروفیسر بھیم سنگھ نے پاکستان کے ذریعہ گزشتہ دس روز سے بین الاقوامی سرحد پرجنگ بندی کی خلاف ورزی اوربین الاقوامی قوانین کی بے حرمتی کرنے پر ہندوستانی حکومت کی خاموشی پر حیر ت کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان اقوام متحدہ کا بانی رکن ہے اور رکن ممالک کے ذریعہ جنگ بندی یا بین الاقوامی سرحد پر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کے خلاف آواز اٹھانے میں اہم رول ادا کرتا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت ہند کے ترجمان کے بیان کے مطابق پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جموں وکشمیر ، لائن آف کنٹرول پر تقریباًً170کلو میٹر کی بین الاقوامی سرحد پر جنگ بندی اوربین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہورہی ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت ہند اس بات کا بھی اعتراف کرچکی ہے کہ قومی اور بین الاقوامی میڈیانے اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ ہندستان کی طرف والی کنٹرول لائن اور بین الاقوامی سرحد پر رہنے والے کئی معصوم لوگو ں کو اپنی جان گنوانی پڑی ہے اور بین الاقوامی سرحد پر رہنے والے ہزاروں افراد کو اپنے گھر بار چھوڑکر ریگستانی علاقوں میں کیمپ میں جانا پڑا ہے۔یہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سرحد پر جنگ بندی معاہدہ کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سرحد پر قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے۔ہندستان کو جیسا کو تیسا کی پالیسی کے بجائے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اس معاملے کو بلاتاخیر اٹھانا چاہئے۔
پنتھرس سربراہ نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم نریندر مودی بلاتاخیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اس معاملے کو اٹھائیں گے جس سے بین الاقوامی سرحد او ر کنٹرول لائن پر رہنے والے معصوم لوگوں کی جانیں نہیں جائیں گی اور انہیں گھر بار چھوڑنے پر مجبور نہیں ہونا پڑے گا۔انہوں نے کہاکہ ہندستان پڑوسیوں کے ساتھ امن و سکون قائم کرنے میں اہم رول ادا کرتا رہاہے۔ انہوں نے کہاکہ نہ تو ہندوستان اور نہ ہی پاکستان کے لوگ جنگ چاہتے ہیں۔


Share: