لکھنؤ، 28؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )اتر پردیش کے وزیراعلیٰ اکھلیش یادو نے عوام کو بی جے پی اور بی ایس پی سے ہوشیار رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے آج کہا کہ بی ایس پی نے قیمتی زمینوں پر قبضہ کرکے مجسمہ نصب کر وا لیا ہے ، بی جے پی اب الیکشن کو فرقہ وارانہ ایجنڈے کی طرف لے جارہی ہے۔وزیراعلیٰ نے دھن تیرس کے موقع پر ریاست کے تمام سرکاری اسکولوں کے بچوں کو ایک پلیٹ اور گلاس کی تقسیم کے موقع پرکہاکہ بی جے پی کے لوگ انتخابی مہم کے دوران کیا کہہ دیں گے، کچھ نہیں معلوم ،اس لیے بی جے سے بچ کررہنا۔وزیر اعظم نریندرمودی کی طرف سے دسہرہ کے دن لکھنؤ میں اور بی جے پی صدر امت شاہ کی طرف سے کل اٹاوہ میں اپنی تقریر کے دوران ’جے شری رام‘کا نعرہ لگائے جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اکھلیش نے کہاکہ یاد رکھنا، یہ وہی لوگ ہیں جو پہلے دوسرا نعرہ دیتے تھے۔پہلے ان کی تقریر ’بھارت ماتا کی جے ‘پر ختم ہوتی تھی ، اب کس بات پر ختم ہو رہی ہے،اس لیے ہوشیار رہئے ۔بی جے پی کو ترقی کے معاملے میں مرکز کی اپنی حکومت اور اترپردیش کی سماج وادی پارٹی حکومت کے درمیان موازنہ کرنے کا چیلنج دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم بی جے پی کے لوگوں سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ آپ نے لکھنؤ میں کون سا بڑا کام کیا ہے۔اگر آپ کام میں موازنہ کریں گے تو سماج وادیوں کا مقابلہ نہیں کیا جا سکتا ۔وزیر اعلیٰ نے کہاکہ بی جے پی کے لوگ ایسے الفاظ ڈھونڈھ کر لاتے ہیں جو آسانی سے سمجھ میں نہیں آتے۔خود انہوں نے گوگل پردیکھاتوپتہ لگا کہ سرجیکل اسٹرائیک کیا ہے۔اخبارات میں دیکھا تو پایا کہ ہم نے بھی سرجیکل اسٹرائیک کر دیا ہے۔تب ٹھیک سے پتہ چلا ہے کہ سرجیکل ااسٹرائیک کیاہے۔