ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بی جے پی اور عآپ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی جگہ نورا کشتی میں مصروف: کانگریس

بی جے پی اور عآپ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی جگہ نورا کشتی میں مصروف: کانگریس

Thu, 29 Aug 2024 11:39:15    S.O. News Service

نئی دہلی، 29/اگست (ایس او نیوز /ایجنسی)  دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو نے آج عام آدمی پارٹی (عآپ) اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی جگہ آپس میں نورا کشتی کرنے کا الزام عائد کیا۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی لیڈران اور عآپ حکومت کے وزراء کی لڑائی سڑک پر آ چکی ہے۔ دہلی کی عوام دونوں کی ذیلی درجہ والی سیاست کو بخوبی دیکھ رہی ہے۔ دونوں پارٹیاں بس آئندہ اسمبلی انتخاب میں دہلی کا اقتدار ہتھیانے کے لیے ہتھکنڈے آزما رہی ہیں۔

دیویندر یادو نے کہا کہ ایک طرف لگاتار دہلی حکومت میں وزیر سوربھ بھاردواج دہلی کے رِج علاقوں میں درختوں کی کٹائی کو لے کر لیفٹیننٹ گورنر اور ڈی ڈی اے پر الزام عائد کر رہے ہیں، اور دوسری طرف اسمبلی میں حزب مخالف لیڈر بی جے پی رکن اسمبلی وجیندر گپتا نے دہلی جَل بورڈ کے گھوٹالے کو ظاہر کرتے ہوئے دہلی حکومت پر حملہ بولا ہے۔ سچائی تو یہ ہے کہ عآپ اور بی جے پی عوام کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کی جگہ آپس میں نورا کشتی کرنے میں لگی ہے۔

دیویندر یادو نے کہا کہ سوربھ بھاردواج دہلی کی عوام کو دہلی کے بنیادی مسائل سے بھٹکانے کے لیے درختوں کا معاملہ اٹھا دیا ہے جو کہ ایڈمنسٹریٹو کارروائی کے ذریعہ سلجھایا جا سکتا ہے۔ لیکن کیجریوال کے وزیر ہر ایشو کو ایونٹ بنا کر دہلی کی عوام سے ہمدردی حاصل کرنے کے لیے الزام در الزام والی سیاست کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جب سپریم کورٹ کی بنچ نے درختوں کے معاملے میں مداخلت کی ہے تب پریس کانفرنس کر کے کیا ثابت کرنا چاہتے ہیں، انھیں سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہیے۔ سوربھ بھاردواج کو چاہیے کہ وہ دہلی کی عوام کے تئیں اپنی ذمہ داریوں کو نبھائیں۔ ان کو یہ بھروسہ کرنا ہوگا کہ عدالت میں معاملہ ہے تو فیصلہ غیر جانبدار طریقے سے ہوگا۔


Share: