بنگلور،یکم اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)ہندوستانی مرد ہاکی ٹیم کے کپتان پی آر شری جیش نے کہا ہے کہ کئی کپتانوں کو رکھنے کے نظام سے ٹیم کو بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں مدد ملے گی کیونکہ اس سے کھلاڑیوں کو اپنی متعلقہ ذمہ داریوں پر توجہ لگانے کا موقع ملے گا۔شری جیش نے یہاں ہندوستانی کھیل اتھارٹی میں کہا کہ کئی کپتان والے نظام سے مجھے اپنی ذمہ داری پر توجہ لگانے میں مدد ملے گی،میں اپنی گول کیپنگ پر توجہ لگا سکتا ہوں اور دوسرے کھلاڑی بھی انہیں دی گئی ذمہ داری جیسے گول کرنا، ڈفینڈرہونا اور اسی طرح کی دیگر چیزیں کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہاکی ذاتی مقابلے نہیں ہیں،یہ ٹیم کا کھیل ہے۔کپتان کا پورے میچ میں دبدبہ نہیں ہوتا، جس کے پاس گیند ہے، وہ اس وقت کا کپتان ہوتا ہے۔شری جیش نے کہا کہ گردش کی پالیسی سے ٹیم کو کھلاڑیوں کی کور گروپ بنانے میں مدد ملے گی کیونکہ اس سے کھلاڑیوں کو کسی بھی بڑے ٹورنامنٹ سے پہلے میچ فٹ ہونے کا کافی موقع مل جائے گا۔