ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بہار میں شدید بارش ؛ ندیوں میں شدید طغیانی، خطرناک سیلاب کا خدشہ

بہار میں شدید بارش ؛ ندیوں میں شدید طغیانی، خطرناک سیلاب کا خدشہ

Sat, 28 Sep 2024 10:48:54    S.O. News Service

پٹنہ، 28/ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) بہار کے متعدد اضلاع میں سیلاب نے اپنی آمد کا احساس دلانا شروع کر دیا ہے، جہاں گنگا سمیت تقریباً تمام ندیوں میں شدید طغیانی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ کچھ گھنٹوں میں زبردست تباہی کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ نیپال میں شدید بارش کے بعد کوسی براج سے ہفتہ کو 6.81 لاکھ کیوسک پانی چھوڑنے کا امکان ہے، جو پچھلے 56 سال میں سب سے زیادہ ہوگا۔ اسی طرح، گنڈک ندی سے بھی 21 سال بعد 6 لاکھ کیوسک پانی آنے کا خدشہ ہے، جس سے شمالی بہار کے علاقوں میں سیلاب کے خطرات مزید بڑھ گئے ہیں۔ اس کے علاوہ، محکمہ موسمیات نے بھی اگلے چار دنوں میں بہار میں شدید بارش کے حوالے سے الرٹ جاری کیا ہے، جس نے صورتحال کو مزید خطرناک بنا دیا ہے۔

محکمہ آفات انتظامیہ کی طرف سے متعلقہ ضلعوں کو الرٹ کیا گیا ہے۔ محکمہ آبی وسائل نے دیر رات سبھی انجینئروں اور اور افسران کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں۔ پشتوں کی 24 گھنٹے نگرانی کی جا رہی ہے۔ کوسی اور گنڈک پشتوں کے آس پاس رہنے والے لوگوں کو محفوظ مقامات پر جانے کے لیے کہا گیا ہے۔

جمعہ کی دیر شام محکمہ آبی وسائل کی طرف سے ہنگامی میٹنگ بلائی گئی۔ اس میں محکمہ کے پرنسپل سکریٹری سنتوش ملّ نے سبھی ضلع مجسٹریٹ کو مستعد رہنے کے لیے کہا۔ دیر رات تک محکمہ کا دفتر کھلا رہا اور ندیوں کی مانیٹرنگ کی جاتی رہی۔ وزیر آبی وسائل وجئے چودھری نے کہا ہے کہ اگلے 48 گھنٹے تک ہائی الرٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔

محکمہ آفات انتظامیہ نے ہفتہ سے زیادہ بارش کو لے کر بھی الرٹ جاری کیا ہے۔ اس میں زیادہ تر اضلاع شمالی بہار اور کوسی و سیمانچل علاقے کے ہیں۔ محکمہ موسمیات کی پیشین گوئی کے مطابق اگلے چار دنوں تک تیز بارش ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ آفات انتظامیہ نے کہا ہے کہ شدید بارش کے پیش نظر ریاست کے 13 اضلاع میں اگلے 24 گھنٹے کے لیے سیلاب کا خدشہ ہے۔ ایسے میں ان اضلاع کے ضلع مجسٹریٹ ہنگامی حالت سے نپٹنے کے لیے ضروری انتظام کر لیں۔


Share: