بھٹکل (ایس و نیوز) بھٹکل جامع مسجد میں مسجد کے خطیب مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی نے عید الفطر کی نماز دوگانہ کے بعد اتحاد ملت اور بچوں کے اخلاق پرجو ولولہ انگیز خطاب کیا تھا۔ اُس کی ہر طرف سے سراہنا کی جارہی ہے۔ عید نماز کے فوری بعد ساحل آن لائن کے یو ٹیوب اکائونٹ سےان کا وڈیو پیغام وائرل ہونے کےبعد ہر طرف سے مولانا کے لئے پیغامات موصول ہورہے ہیں اور مولانا کے حق میں دُعائیہ کلمات پیش کئے جارہے ہیں۔ قائد قوم جناب ایس ایم سید خلیل الرحمن صاحب نے خطبہ سننے کے بعد وہاٹس آپ کے ایک گروپ پر اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے مولانا کے خطبہ کی بے حد تعریف کی ہے اوراُن کے دئے گئے پیغام پر عمل کرنے پر زور دیتے ہوئے اتحاد ملت کو وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیا ہے۔ انہوں نے عوام سے درخواست کی ہے کہ مولانا کے اس پیغام کو عام کرنے وہاٹس آپ سمیت سبھی سوشیل میڈیا کا استعمال کیا جائے۔ مولاناکے بیان پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے جنرل سکریٹری جناب محی الدین الطاف کھروری نے بھی مولانا کے خطبہ کی بے حد تعریف کی اور کہا کہ مولانا کے دئے گئے پیغام پر عمل کرنے کی ضرورت ہے اور آپسی اختلافات کو دور کرکے مسلمانوں کو متحد کرنے چہاروں جانب سے کوششیں ہونی چاہئے۔۔متعلقہ وہاٹس گروپ پر بہت سارے دیگر ممبران نے بھی مولانا کے بیان کی سراہنا کی ہے اورپورے بیان کی وڈیوریکارڈنگ پیش کرنے پر ادارہ ساحل آن لائن کا بھی شکریہ ادا کیا ہے۔
قارئین کی آسانی کے لئے اُس وڈیو کو نیچے پیش کیا جارہا ہے۔