بھٹکل، 18 / نومبر (ایس او نیوز) بھٹکل سے ذرا دوری پر واقع نیتراوتی جزیرے کے پاس سیاحوں کی دلکشی کا سبب بننے والی اسکوبا ڈائیونگ کی سہولت تقریباً ایک سال کے وقفے کے بعد اب دوبارہ شروع ہوگئی ہے جس کے لئے پرانی کمپنی 'نیترانی ایڈوینچرز' کو باہر کا راستہ دکھاتے ہوئے چھ نئی کمپنیوں کو ٹینڈر دیا گیا ہے ۔
خیال رہے کہ سال 2016 میں جب آر وی دیشپانڈے کے پاس وزارت سیاحت کا قلمدان تھا تو اس وقت مرڈیشور ساحل سے نیترانی جزیرے کے پاس اسکوبا ڈائیونگ اور دیگر واٹر اسپورٹس کے لئے 'نیترانی ایڈوینچرز' کو ٹھیکہ دیا گیا تھا ۔ یہ کمپنی گزشتہ 9 سال سے اپنی سرگرمیاں چلا رہی تھی ۔ اب اس کی جگہ جن نئی کمپنیوں کو یہ ٹھیکہ ملا ہے ان میں ایشا ایڈوینچرز، ویسٹ کوسٹ ایڈوینچرز، کوسٹ ٹو کوسٹ ایڈوینچرز، ڈولفن ڈائیو، ایکوا رائڈ کے علاوہ رادھا وینکٹرمنا نائک نامی خاتون کے نام شامل ہیں ۔ ان میں سے ایکوا رائڈ کمپنی نے اپنی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں ۔
سابقہ ٹھیکیدار کمپنی 'نیتررانی ایڈوینچرز' کے ایم ڈی گنیش ہریکنترا انہیں باہر کرتے ہوئے نئی کمپنیوں کو ٹھیکہ دئے جانے سے خوش نہیں ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کمپنیوں کے پاس واٹر اسپورٹس اور اسکوبا ڈائیونگ کی سرگرمیوں کا کوئی تجربہ نہیں ہے ۔ ان کمپنیوں نے ٹینڈر کے شرائط کے مطابق سیفٹی سرٹفکیٹس، تین سال کے جی ایس ٹی اور آئی ٹی بھرنے کے کاغذات جیسے بعض ضروری دستاویزات بھی جمع نہیں کروائے ہیں ۔ سیاحوں کو اسکوبا ڈائیونگ کے لئے لے جانے والی ٹیم کے پاس پروفیشنل ایسو سی ایشن آف ڈائیونگ انسٹرکٹرز (پی اے ڈی آئی) یا اسکوبا اسکول انٹرنیشنل (ایس ایس آئی) کی سند ہونا بھی ضروری ہے ۔ اس کے علاوہ ٹھیکہ حاصل کرنے والی بعض کمپنیاں تو ابھی چند مہینے پہلے قائم ہوئی ہیں ۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ 'نیترانی ایڈوینچرز' اور ضلع انتظامیہ کے روابط میں کشیدگی چل رہی تھی ۔ جس کے چلتے ضلع انتظامیہ نے اچانک ہی اسکوبا ڈائیونگ کی سرگرمیاں بند کرنے کی ہدایت جاری کی تھی ۔ اس کے خلاف کمپنی نے دیگر ٹھیکیداروں کے ساتھ مل کر ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا تو وہاں سے معاہدے کی مدت ختم ہونے تک سرگرمیاں جاری رکھنے کا فیصلہ سنایا گیا ۔ اس کے بعد ضلع انتظامیہ کی طرف سے نئی ٹھیکیداری کے لئے ٹینڈر کی بہت ساری ایسی شرائط رکھی گئیں جس سے نیترانی ایڈینچرز کا راستہ بند ہوگیا ۔
مرڈیشور ساحل پر واٹر اسپورٹس اور نیترانی جزیرے کے قریب اسکوبا ڈائیونگ کا سیزن بارش کے اختتام اور ہر سال موسم گرما کی ابتدا پر شروع ہوتا ہے تو مانسون کی آمد سے قبل یعنی مارچ کے مہینے میں ختم ہو جاتا ہے ۔
امسال ضلع انتظامیہ نے طوفان کے پیش نظر مرڈیشور ساحل پر سیاحوں کے تحفظ کو سامنے رکھتے ہوئے انہیں فراہم کی جانے والی ایسی تمام سرگرمیوں پر پابندی لگائی تھی ۔ حالانکہ اس کے بعد اتر کنڑا کے تمام ساحلوں پر یہ سرگرمیاں دوبارہ شروع کی گئیں مگر مرڈیشور میں نیترانی ایڈوینچرز کو اس کی اجازت نہیں دی گئی ۔ جب اس سلسلے میں ضلع ڈپٹی کمشنر لکشمی پریا سے پوچھا گیا تو انہوں نے بتایا ہم نے افسران کو واٹر اسپورٹس کی سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت دی ہے ۔ لیکن بھٹکل تعلقہ انتظامیہ کی طرف سے اس ہدایت پر عمل در آمد نہیں ہوا ہے ۔