ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل : مرڈیشور سمندر میں بنگلور کا طالب علم غرق ہو کر ہلاک؛ دوسرا محفوظ

بھٹکل : مرڈیشور سمندر میں بنگلور کا طالب علم غرق ہو کر ہلاک؛ دوسرا محفوظ

Sun, 06 Oct 2024 14:13:05    S.O. News Service

بھٹکل، 6/اکتوبر (ایس او نیوز): مرڈیشور سمندر میں غرق ہو کر بینگلور کالج کا ایک  طالب علم ہلاک ہوگیا، جبکہ دوسرے کو بچا لیا گیا۔ یہ حادثہ اتوار کی صبح پیش آیا۔ ہلاک ہونے والے طالب علم کی شناخت گوتم کے وی (17 سال) کے طور پر کی گئی ہے، جبکہ زندہ بچ جانے والے طالب علم کا نام دھنوش بتایا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، بینگلور کے ودیا سودھا پی یو کالج، جلا ہلّی کراس کے 220 طلبہ سیاحت کے لیے آج اتوار کی صبح مرڈیشور بیچ پہنچے تھے۔ چونکہ مندر کے قریب سمندر میں اترنے کی اجازت نہیں ہے، یہ لوگ پولیس سے بچنے کے لیے تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر دور جاکر سمندر میں تیرنے کے لیے اترے۔ اسی دوران دو طلبہ سمندری موجوں کی زد میں آگئے۔ ان میں سے ایک کو بچا لیا گیا، مگر دوسرا طالب علم سمندر میں غرق ہوکر لاپتہ ہوگیا۔

تقریباً ڈیڑھ گھنٹے بعد لائف گارڈ کو طالب علم کے غرق ہونے کی اطلاع دی گئی۔ اطلاع ملتے ہی لائف گارڈ کے عملے نے تلاشی مہم شروع کی اور غرق شدہ طالب علم کی نعش کو سمندر سے برآمد کرلیا۔ اس موقع پر لائف گارڈ کے اہلکاروں میں سدھارتھ، لوہت، اور چندرشیکھر شامل تھے۔

مرڈیشور پولیس تھانے میں معاملہ درج کیا گیا ہے اور نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھٹکل سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ مہلوک طالب علم گوتم سیکنڈ پی یو سی کا طالب علم تھا۔ واقعے کے تعلق سے اس کے گھروالوں کو اطلاع دے دی گئی ہے، اور ان کے بھٹکل پہنچنے کے بعد پوسٹ مارٹم کی کارروائی کی جائے گی۔

 


Share: