ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل پولیس گراونڈ راستے کا مسئلہ - وزیر منکال وئیدیا نے کیا نیا راستہ تعمیر کرنے کا وعدہ

بھٹکل پولیس گراونڈ راستے کا مسئلہ - وزیر منکال وئیدیا نے کیا نیا راستہ تعمیر کرنے کا وعدہ

Mon, 19 Aug 2024 10:45:34    S.O. News Service

بھٹکل، 18 / اگست (ایس او نیوز) بھٹکل پولیس گراونڈ سے گزرنے والے راستے پر بیریکیڈس لگا کر عام لوگوں کی آمد و رفت پر پابندی لگانے کا جو مسئلہ پچھلے کچھ مہینوں سے چل رہا تھا اسے حل کرنے کے لئے ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا نے عام لوگوں کے لئے نئی سڑک تعمیر کروانے کا وعدہ کیا ۔
    
منکال وئیدیا نے ذاتی طور پر متنازعہ علاقے میں پہنچ کر معائنہ کیا ۔ پولیس افسران اور علاقے کے مقامی لیڈروں کے ساتھ اس مسئلہ پر بات چیت کی اور تنازعہ ختم کرنے کے اقدام کے طور پر ڈی پی کالونی اور اطراف میں بسنے والوں کے لئے ایک علاحدہ سڑک تعمیر کرنے کا وعدہ کیا ۔ 
    
اس کے علاوہ پولیس میدان کی سڑک کو درست کرنے، پانی کی سپلائی لائن کی تجدید کرنے، علاقے کے لوگوں کے لئے پینے کے پانی کی ٹینک تعمیر کرنے ،مقامی لوگوں کی مانگ کے مطابق میدان کے آس پاس پارکنگ کے لئے جگہ فراہم کرنے، پولیس میدان کے پاس برساتی نالے تعمیر کرنے جیسے اقدامات کا وعدہ کیا ۔ 
    
اس موقع پر بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر نئینا، ڈی وائی ایس پی مہیش، ڈی ایف او یوگیش، جالی پٹن پنچایت رکن رمیش نائک، شئینا شیخ، ٹی ایم سی کی سینئر ہیلتھ انسپکٹر سوجیا سومن، تعلقہ پنچایت سابق رکن منجپّا نائک، دیوی داس اچاری، ارشاد، آر ٹی نائک کے علاوہ جاوید شیخ، کالیّا، سچن نائک، ناگیندرا نائک وغیرہ موجود تھے ۔ 
    
کیا ہے یہ بیریکیڈس کا مسئلہ ؟ :     پولیس گراونڈ سے عام افراد اور گاڑیوں کے گزرنے سے پولیس کوارٹرس میں رہنے والے پولیس عملہ کے اہل خانہ کے لئے دشواریاں پیدا ہونے کی بات کہتے ہوئے کچھ مہینے قبل پولیس کی طرف سے اس راستے پر بیریکیڈس لگائے گئے تھے اور کہا گیا تھا کہ یہ محکمہ پولیس کی زمین ہے اس لئے اس سڑک کو صرف پولیس والے ہی استعمال کریں گے ۔ اس سے میدان سے متصل ڈی پی کالونی اور اطراف کے لوگوں کے لئے مشکل کھڑی ہوگئی تھی ۔ یہ تنازعہ بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر کے ساتھ مل کر حل کرنے کی مقامی لوگوں کی کوشش کامیاب نہیں ہوئی تھی ۔
    
وزیر کے لئے ہٹائے گئے  بیریکیڈس :    کل جب وزیر منکال وئیدیا نے اس علاقے کا دورہ کیا تو اس وقت پولیس والوں نے وہاں سے بیریکیڈس ہٹا دئے تھے ۔ جائزہ کے بعد جب وزیر موصوف نے نیا راستہ بنانے کی پیش کش کی تو مقامی لوگوں نے یہ مطالبہ بھی رکھا کہ جب تک نیا راستہ تعمیر ہوتا ہے تب تک اس راستے کو کھلا ہی رہنے دیں اور بیریکیڈس نہ لگائے جائیں ۔
    
مگر وزیر منکال وئیدیا کے وہاں سے چلے جانے کے تھوڑی ہی دیر بعد پولیس نے اس سڑک پر پھر سے بیریکیڈس کھڑے کر دئے اور یہ معاملہ پھر سے مقامی لوگوں کی ناراضگی کا سبب بن گیا ہے ۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ وزیر موصوف کا وعدہ کب پورا ہوتا ہے ، کب سڑک تعمیر ہوتی ہے اور کب مقامی لوگوں کو راحت ملتی ہے ۔


Share: